بازووں سے محروم 17 گریڈ کا آفیسر، سب کے لیے ایک مثال بن گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 26 اگست 2016 12:16

بازووں سے محروم 17 گریڈ کا آفیسر، سب کے لیے ایک مثال بن گیا

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اگست2016ء): کراچی میں موجود ایک ایسا شخص جو دونوں ہاتھوں سے معذور ہونے کے باوجود اپنی عمر اور تمام لوگوں کے لیے ہمت کی اعلیٰ مثال قائم رکھے ہوئے ہے۔ تفصیلات کے مطابق دونوں ہاتھوں سے معذور شخص عبدالکریم کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (کے بی سی اے) میں 17 گریڈ پر اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔ کے بی سی اے میں عبد الکریم بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اردوپوائنٹ رپورٹ کے مطابق عبد الکریم نہ صرف اپنے دفتر کا کام بخوبی کرتے ہیں بلکہ گھر کے کاموں کو بھی بخوبی انجام دیتے ہیں اور اپنی معذوری کو اپنی مجبوری نہیں بناتے۔ عبد الکریم نے بتایاکہ میں بچپن ہی سے دونوں بازوؤں سے محروم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ بے شک میرے بازو نہیں ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے میری طاقت میرے دونوں پاؤں میں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں لاکھوں اور کروڑوں لوگوں سے بہتر ہوں جس پر میں خدا کا بے حد شکر گزار ہوں۔