اطلاعات تک رسائی آئین کا لازمی جُز ہے، رائٹ ٹو انفارمیشن بل کیلئے قانون سازی کر رہے ہیں، بل چند دنوں میں وفاقی کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا‘ وفاقی وزارت اطلاعات کی طرف سے ویج بورڈ کی تشکیل میں کوئی رکاوٹ نہیں، مالکان کی طرف سے نامزدگی نہ ہونے کی وجہ سے ویج بورڈ تشکیل نہیں ہوپایا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کا پی ایف یو جے کے دو سالہ انتخابات کے موقع پر عشائیہ سے خطاب

جمعہ 26 اگست 2016 11:46

پشاور ۔ 25 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ رائٹ ٹو انفارمیشن کو پاکستان کا آئین تسلیم کرتا ہے کہ شہریوں سے کوئی چیز پوشیدہ نہ رکھی جائے، اس سلسلے میں قانون سازی کر رہے ہیں، رائٹ ٹو انفارمیشن بل چند دنوں میں وفاقی کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا اور اس کی منظوری کے بعد بل کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا‘ وفاقی وزارت اطلاعات کی طرف سے ویج بورڈ کی تشکیل میں کوئی رکاوٹ نہیں، مالکان کی طرف سے نامزدگی نہ ہونے کی وجہ سے ویج بورڈ تشکیل نہیں ہو پایا، تھوڑا انتظار کریں گے اگر مالکان نے کوئی نمائندہ نہ بھیجا تو ہم خود یکطرفہ طور پر ویج بورڈ تشکیل دیدیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پشاور میں پی ایف یو جے کے دو سالہ انتخابات کے موقع پر عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

عشائیہ کا اہتمام وزیراعظم کے مشیر انجینیئر امیر مقام نے کیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ایف یو جے نے اتحاد اور یکجہتی کیلئے جو عہد کیا ہے اس کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو صحافی برادری کا حصہ سمجھتا ہوں‘ انہوں نے سینئر صحافی ضیاء الدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صحافیوں کے ساتھ مل کر آزادی صحافت کیلئے جدوجہد کی ہے۔

اگر آج منہاج برنا‘ اسرار صاحب اور علوی صاحب حیات ہوتے تو ضیاء الدین صاحب مجھ سے آج یہ نہ پوچھتے کہ مجھے صحافیوں کے مسائل کا ادراک ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن کو پاکستان کا آئین تسلیم کرتا ہے کہ شہریوں سے کوئی چیز پوشیدہ نہ رکھی جائے، اس سلسلے میں قانون سازی کر رہے ہیں، رائٹ ٹو انفارمیشن بل چند دنوں میں وفاقی کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا اور اس کی منظوری کے بعد بل کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سب سے پہلے رائٹ ٹو انفارمیشن بل پنجاب حکومت نے پاس کیا تھا اور اس بل کی منظوری کے وقت میں سپیشل اسسٹنٹ ٹو چیف منسٹر پنجاب تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جو کام میں نے پنجاب میں مکمل کیا وہ وفاق میں بھی تکمیل تک پہنچاؤں‘ آج ہی صبح میں نے اس بل کے مسودے کو قانونی ماہرین کو مزید مشاورت کیلئے بھیج دیا ہے، تاکہ اس میں کوئی سقم باقی نہ رہے‘ ہم چاہتے ہیں یہ بل جلد سے جلد پاس ہو جائے۔

ہم چاہتے ہیں اطلاعات تک رسائی عوام کو حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کو بنانے کیلئے ہم نے سیاسی رہنماؤں، سول سوسائٹی‘ صحافی تنظیموں سمیت سب سے رائے لی ہے، متفقہ طور پر چاہتے ہیں کہ یہ بل پاس ہو۔ انہوں نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ آپ کا حق آپ تک جلد پہنچے گا۔

متعلقہ عنوان :