پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں، امریکہ محکمہ خارجہ

جمعہ 26 اگست 2016 11:23

واشنگٹن ۔ 26 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست۔2016ء) امریکہ نے پاکستان اور افغانستان سے کہاہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان الزبتھ ٹروڈیو نے گزشتہ روز معمول کی پریس بریفنگ میں افغان صدر کی جانب سے کابل یونیورسٹی حملے کا منصوبہ پاکستان میں بنانے کے الزام پر کسی قسم کے تبصر ے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ الزام تراشی کی بجائے دونوں ممالک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیناچاہیے۔

ترجمان نے کہاکہ جس طرح ہم نے ماضی میں کیاہے، اب بھی ہم دونوں ممالک کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا سد باب ہو سکے۔

(جاری ہے)

دہشت گرد گروپوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے کئے جانیوالے سوال پر ترجمان نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے حالیہ بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے واضح طورپر کہاہے کہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے گی۔

دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے امریکن یونیورسٹی کابل پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی۔ اپنے بیان میں جان کیری نے کہاہے کہ یہ دہشت گردی کا ایک بزدلانہ واقعہ ہے اور دہشت گرد اس طرح کے اقدامات سے قیام امن کی جانب افغانستان کے سفر کو روک نہیں سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکن یونیورسٹی کابل افغانوں کیلئے امید کا مرکز بنی رہے گی۔