کوہاٹ چھاؤنی میں پولیس کی مختلف کاروئیاں، بھاری مقدار میں چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام ، تین سمگلر گرفتار

جمعرات 25 اگست 2016 22:48

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء ) کوہاٹ چھاؤنی پولیس نے مختلف کاروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر منشیات کے تین سمگلروں کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ چھاؤنی انسپکٹر عابد خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ ہنگو روڈ پر میاں گڑھی کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس اثناء میں قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ شہر آنے والی ایک مسافر پک اپ گاڑی کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا جسمیں سوار ایک مشکوک شخص سے پولیس نے تین کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق چرس سمیت گرفتار ملزم خیال اکبر ولد فضل اکبر کا تعلق اورکزئی ایجنسی کے علاقہ مشتی میلہ سے ہے جسکے خلاف تھانہ چھاؤنی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری کاروائی میں تھانہ چھاؤنی کی پولیس پارٹی نے محمد زئی کے قریب گاڑیوں اور افراد کی تلاشی کیلئے کی جانے والی ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک سوزوکی پک اپ سے دو کلو گرام چرس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے اور گاڑی میں سوار منشیات کے دو سمگلروں مہراب دین ولد شراب دین سکنہ محمد زئی حال تپی اور افغان مہاجر ایوب خان ولد امیر گل کو حراست میں لیکر تھانہ چھاؤنی منتقل کردیا جہاں انکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

متعلقہ عنوان :