ملک کسی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا،سیاستدان تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں، بشارت مرزا

تمام جمہوری اور محب وطن قوتوں کو مل کر اسے آگے بڑھاناہوگااور سازشوں کے جال مل کر توڑنے ہوں گے۔پی ڈی پی

جمعرات 25 اگست 2016 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزانے کہاہے کہ موجودہ حالات میں ملک کسی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا، تمام سیاستدان تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں،کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی آمادگی کے بعد ملک میں کشیدگی کا مقصد دنیاکی توجہ مسئلہء کشمیر سے ہٹانے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہاکہ بانی ء پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے قول کے مطابق پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بناہے دنیاکی کوئی طاقت اس کو ختم نہیں کرسکتی ۔ملک دشمن قوتیں قیام پاکستان کے بعدسے ہی اسے توڑنے کی سازشیں کرتی آئی ہیں لیکن پاکستان آج بھی قائم ودائم ہے اور آئندہ بھی قائم رہے گاانشاء اﷲ۔انہوں نے کہاکہ آج ملک میں جمہوریت پنپ رہی ہے اور ایک تناور درخت بننے جارہی ہے ایسے موقع پر انارکی اور افراتفری جمہوریت کو نقصان پہنچاسکتی ہے لہٰذاتمام جمہوری اور محب وطن قوتوں کو مل کر اسے آگے بڑھاناہوگااور سازشوں کے جال مل کر توڑنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے میئر اور چیئرمینوں کے پر امن انتخابات پر حکومت سندھ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام نومنتخب میئرز،ڈپٹی میئرز، چیئرمینزاور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی اور ثابت قدمی کی دعاکی۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ بھی مکمل ہوچکاہے اب منتخب نمائندگان اپنی کارکردگی دکھائیں اور اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھاکر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپناکرداراداکریں