پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ملک میں جمہوریت آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں بھی دی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے پی ایس 127 ملیر مرتضیٰ بلوچ

جمعرات 25 اگست 2016 22:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے پی ایس 127 ملیر مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ملک میں جمہوریت آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں بھی دی ہیں، شہید ناصر بلوچ کا تعلق بھی صاحب داد گوٹھ سے تھا جو جئے بھٹو کا نعرہ لگاتے ہوئے پھانسی کے پھندے پر چڑھ گئے تھے۔

وہ آج یہاں اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں صاحب داد گوٹھ ملیر میں ماسٹر حلیم اور ماسٹر قیوم کی جانب سے منعقد کی گئی علیحدہ علیحدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے کراچی کے امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذراندیش کیا ہے اور دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کبھی بھی ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیگی اورملکی سالمیت اور یکجہتی کا تحفظ کرے گی۔

مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ صاحب داد گوٹھ آج بھی مختلف مسائل کا شکار ہے اتنا پرانا گوٹھ ہونے کے باوجود یہاں سے منتخب ہونے والوں نے صاحب داد گوٹھ کے مسائل حل نہیں کئے سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، گٹر ابل رہے ہیں، کچرے کے ڈھیر لگے ہیں، نکاسی کا کوئی بندوبست نہیں ہے۔ پینے کا پانی تک دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی یہاں کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے، جو علاقے کے مسائل کو نہ صرف سمجھتی ہے بلکہ ان مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب ہوگئے تو علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔