سندھ نیشنل تحریک کے چیئرمین کی قیادت میں ایس این ٹی کے کارکنوں نے کوہسار میں لگے الطاف حسین یورنیورسٹی کے بورڈز توڑڈالے

جمعرات 25 اگست 2016 22:32

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) سندھ نیشنل تحریک کے چیئرمین کی قیادت میں ایس این ٹی کے کارکنوں نے کوہسار میں لگے الطاف حسین یورنیورسٹی کے بورڈز توڑڈالے۔سندھ نیشنل تحریک کے کارکنوں نے چیئرمین اشرف نوناری کی قیادت میں لطیف آباد نمبر12کوہسار میں دھاوا بول کرالطاف حسین یورنیورسٹی کے تمام بورڈز کالک مل کر توڑ ڈالے اور الطاف حسن کی تصاویر پھاڑ دیں، اس موقع پر ایس این ٹی کے کارکنوں نے الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

ایس این ٹی چیئرمین اشرف نوناری اورقربان علی سوڈڑونے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم کسی صورت سندھ کی دھرتی پر کسی ملک دشمن کے نام سے یونیورسٹی بننے نہیں دینگے اگر کسی نے الطاف حسین یونیورسٹی کی ایک اینٹ بھی رکھی تو ہم اس کی اینٹ سے اینٹ بجادینگے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ تقریباً ڈیڑھ سال قبل لطیف آباد کوہسا کے علاقے میں الطاف حسین یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی شرکت کی تھی، جس کے بعد سے اب تک وہاں صرف الطاف حسین یونیورسٹی کے بورڈز ہی لگے نظر آتے ہیں۔

۔معلوم ہوا ہے کہ ایس این ٹی کارکنوں کی کاروائی کے بعد رینجرز کی بھاری نفری بھی کوہسار کے علاقے میں پہنچی تھی اور اب الطاف حسین یونیورسٹی کے قیام کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔