حکومت اور ریاستی ادارے غداران وطن کو نشان عبرت بنادیں ، آل پارٹیز کانفرنس

نظریہ پاکستان کے مخالفین کو سیاست کے حق سے ہی محروم کردیا جائے ، الطاف کی ہرزہ سرائی کشمیر پر پاکستان کی حیثیت کو کمزورکرنے کا بھارتی ٹاسک ہے جے یو پی کے تحت آل پارٹیز میں مفتی غوث صابری، قاری عثمان، مسلم پرویز، حافظ احمد علی ، سرور راجپوت، مستقیم نورانی ودیگر کی شرکت

جمعرات 25 اگست 2016 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) غداران وطن کو کیفرکردار تک پہنچانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ۔ ملک دشمنوں کو کوئی رعایت دینا اور نرمی برتنا خود غداری کے زمرے میں آتا ہے ۔ حکومت اور ریاستی ادارے غداران وطن کو نشان عبرت بنادیں اور اُن کے پیروکاروں کو اسلامی معاشرے میں سیاست کے حق سے محروم کردیں۔ ان خیالات کا اظہار رضالائبریری میں جے یو پی کے تحت غداران وطن اور ریاست کی ذمہ داری کے عنوان پر منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں جے یو پی کراچی ڈویژن کے صدر مفتی محمد غوث صابری ، ناظم اعلیٰ محمد مستقیم نورانی، جے یو آئی (ف) کے رہنماء قاری محمد عثمان، جماعت اسلامی کے رہنماء مسلم پرویز، تحریک انصاف کے رہنماء سرور راجپوت، جے یو آئی (س) کے رہنماء حافظ احمد علی، مرکزی جماعت اہلسنّت کے رہنماء علامہ فیاض سعیدی، جے یوپی کے مرکزی رہنماء حلیم خان غوری نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محمد اسلم عباسی، محمد عارف انجینئر، محمد وزیر رہبر، رئیس احمد شیخ، محمد تاج نورانی ودیگر بھی موجود تھے۔ اے پی سی میں رہنماء نے کہا کہ سیاسی مصلحتوں ،بیرونی دباؤ یا ذاتی مفادات کے خاطر نظریہ پاکستان کے بدترین مخالفوں سے رعایت پر مبنی رویوں کو ریاست سے بے وفائی نہ سمجھا جائے تو کیا سمجھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام محب وطن سیاستی قوتیں ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہیں جبکہ پاکستان سے والہانہ عقیدت و محبت رکھنے والی عوام پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے وجود سے بھی نفرت کرتی ہے ۔

رہنماؤں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والوں کو پھانسی پر چڑھایا جارہا ہے اور وطن عزیز میں پاکستان کو ناسور ،دہشت گردی کا مرکز اور مردہ باد کہنے والوں منی پاکستان کا میئر بنایا جارہا ہے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ متحدہ قائد کی ہرزہ سرائی کشمیر پر پاکستان کی حیثیت کو کمزور کرنے کا بھارتی ٹاسک ہے۔ آل پارٹیز شریک تمام جماعتوں میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو اپنی حب الوطنی سے دفنادیں گے ۔

جبکہ عنقریب مشترکہ احتجاج کے پروگرام کے انعقاد کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ اس موقع پر جے یو پی نے 28؍اگست کو پاکستان زندہ باد مارچ میں تمام محبت وطن جماعتوں کو شرکت کی دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں جمعتہ المبارک کو جے یو پی کے تحت شہر بھر میں یوم جذبہ حب الوطنی منایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :