پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کے وفد کی سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات

جمعرات 25 اگست 2016 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اور نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ایک وفد نے سندھ کے سابق وزیراعلی سید قائم علی شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے نو منتخب چیئرمین سلمان عبداﷲ مراد، ڈی ایم سی ملیر کے نو منتخب چیئرمین جان محمد بلوچ اور وائس چیرئمین عبدالخالق مروت شامل تھے۔

ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ رزاق، میر عباس تالپور، امام بخش ہوت اور دیگر موجود تھے۔ نومنتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین نے قائم علی شاہ کی صوبے اور پارٹی کے لیے خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا اور انھیں ہار پہنائے۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی، خالد لطیف، صدیق ابو بھائی، تیمور سیال اور سلمان دشتی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی پارٹی ہے جس نے جمہوریت کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اس کا بنیادی منشور عوام کی خدمت ہے لہذا تمام نو منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔وفد نے قائم علی شاہ کو یقین دلایا کہ وہ عوام کی خدمت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور پارٹی کے جواں عزم سالار چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آسف علی زرداری کے عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔