سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا تقرر

ادارہ نور حق میں پارلیمانی گروپ کے اجلاس میں جنید مکاتی کو پارلیمانی لیڈر اور فضل الرحمن و نسرین وصی کو ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا

جمعرات 25 اگست 2016 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) سٹی کونسل کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی گروپ کا اجلاس ادارہ نور حق میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایوان میں محمد جنید مکاتی گروپ کے پارلیمانی لیڈراور فضل الرحمن اور نسرین وصی ڈپٹی پارلیمانی لیڈرہوں گے ۔اجلاس میں کراچی کے بڑ ھتے ہو ئے مسائل پر انتہائی تشویش کا اظہا رکیا گیااور کہا گیا کہ مختلف محکمے جو شہری مسائل حل کر نے کے ذمہ دار ہیں نااہل اور بد عنوان افسران کی گرفت میں ہیں لیکن حکومت کی اس جانب کوئی تو جہ نہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اندر بد عنوانیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا جہاں ہر جائز کام کے لیے بھی بھاری رشوتیں طلب کی جارہی ہیں ۔اجلاس میں عزم کیا گیا کہ جماعت اسلامی کا پارلیمانی گروپ شہر کی تعمیر و ترقی کے ہر مثبت کام میں تعاون کرے گا ۔اجلاس میں توقع ظاہر کی گئی کہ منتخب مئیر اور حکومت کی جانب سے تمام یونین کمیٹیوں کے ساتھ مساوی اور انصاف پر مبنی سلوک کیا جائے گا ۔اجلاس میں بلدیہ کراچی کو بے اختیار بنانے پر شدید تشویش کا اظہا ر کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ شہری و بلدیاتی امور سے تعلق رکھنے والے تمام محکموں کو منتخب نمائندوں کے ماتحت کیا جائے۔