سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو 9ماہ تک جائز حقوق سے محروم رکھا گیا ، ڈاکٹر فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ کے نمائندے حلف اٹھاتے ہی اگلے روز سے عوام کی خدمت کرنا شروع کردیں گے ، ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ، نسرین جلیل، خواجہ اظہار الحسن اور ارشد وہرا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 25 اگست 2016 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) کراچی،حیدرآباد،میرپورخاص ، ٹنڈو آدم ، جھڈو ، سمیت سندھ دیگرشہروں اوراضلاع میں جمعرات کو بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں میئر، ڈپٹی میئر ، چیئرمینز اور وائس چیئرمینزکے انتخابات میں حق پرست امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار گھانچی ہال پی آئی بی ربطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ، ڈپٹی کنوینر محترمہ نسرین جلیل رکن رابطہ کمیٹی اشرف نور ، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن اور کراچی کے نومنتخب ڈپٹی میئر ارشد وہرا کے ہمراہ جمعرات کی شب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے خدا خدا کرکے سندھ میں کراچی ، حیدآباد ، میرپورخاص ، نوابشاہ ، سکھر میں میئر، ڈپٹی میئر ، ضلعوں میں چیئرمین، وائس چیئرمینز کے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کا انتخابات جو کہ دسمبر 2015ء میں مکمل ہونا چاہئے تھا لیکن جو نہ ہوسکا ۔

(جاری ہے)

اب 9مہینے کے بعد انتخابات ہوئے سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا گیا ، آج ہم اس پر لکیر پیٹنا نہیں چاہتے ہیں ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ یہ 9مہینے کی تاخیر چاہے حکومت کی جانب سے ہوئی یا کسی اور کی طرف سے ہوئی ہے انہیں چاہئے کہ اس کا جواب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے ہم اس کو بھلادیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں ایک مرتبہ پھر متحدہ قومی موومنٹ کا نامزد کردہ حق پرست میئر وسیم اختر اور ڈپٹی میئر ارشد وہرا بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں یہ متحدہ قومی موومنٹ کی کامیابی ہے جو مشکل اور نامساعد حالت میں کامیابی حاصل ہوئی ہے جس پر ہم خدا کا شکر ادا کریں وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر کراچی ، حیدرآباد ، میرپورخاص ، ٹنڈو آدم ، جھڈو اور سندھ کے شہری علاقوں کے عوام نے متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست نمائندوں کو بھاری اکثریت سے کامیاب سے ہمکنار کرایا ہے جس پر ہم ان کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں وہ کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی حیدرآباد کے میئر ڈپٹی میئر ، میرپورخاص کے چیئرمین ، وائس چیئرمین کی کامیابی کے ساتھ ساتھ پہلی مرتبہ ہمیں ٹنڈو آدم میں فنکشنل لیگ کے ساتھ اتحاد کے نتیجے میں وائس چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ کا منتخب ہوا ہے اور جھڈو میں میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی سیٹ پر متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔

آج کی کامیابی نے ایم کیو ایم کے نظریے کی سچائی کا ووٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس غیر متزلزل عوام نے ووٹ دیکر حق پرست امیدواروں کو کامیابی دلایا ہے ہم ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کوئی ایک ووٹ بھی ایم کیو ایم کا ادھر سے ادھر نہیں ہوا ، عوام نے اور ایم کیو ایم کے نمائندوں نے جس طرح استقلال پر مظاہرہ کیا ہے ہم اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہمارے میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین ، وائس چیئرمین جیسے ہی حلف اٹھائیں گے اس کے آگلے روز ہی سے عوام کی خدمت کرنا شروع کردیں گے ۔عوام کو صحت ،صفائی ، پینے کے صاف پانی ، کچرے اور بے روزگاری کے خاتمے کرنے کے لئے دن رات محنت کریں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ تمام حق پرست بلدیاتی نمائندوں نے اس کامیابی پر قائد تحریک جناب الطاف حسین سے بھی اظہار تشکر ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کامیابی پر انفرادی طورپر بھی شکرانے کی نماز ادا کرنا چاہئے ۔ ایک سوال ے جواب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اگر کہیں کسی کو ابہام ہے تو آج لندن سے آنے والے پریس ریلیز کے بعد اب کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کریمنلز ، کریمنلز ہے اس کی کوئی شناخت نہیں ہوتی ، حکومت اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اسے کریمنلز ثابت کریں ۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں اس تقریر سے لاتعلقی کا اظہار کرچکے ہیں اور ہم پوری رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی اس بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کل صبح جو بیان آیا ہے جس میں واضح طورپر کہا گیا ہے آئندہ تمام فیصلے رابطہ کمیٹی کریگی ۔