محکمے میں موجودچند کالی بھیڑیں عوام کی حفاظت کا فریضہ انجام دینے کے بجائے شریف شہریوں کو بے جاتنگ کرنے میں مصروف ہیں‘اے ایس آئی حضوربخش جکھرانی بدنام زمانہ ہے جو علاقے میں لوگوں کو بے جاتنگ کرنے کے حوالے سے مشہور ہے‘آئی جی سندھ اس جانب توجہ دیں اور پولیس کے محکمے کو بدنام کرنے والوں کے گرد گھیراتنگ کریں، صحافی الائنس پاکستان

جمعرات 25 اگست 2016 22:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) صحافی الائنس پاکستان کے ایگزیکٹیوممبر اور مقامی صحافی شہزاداحسن سے ایوب گوٹھ پولیس چوکی پر تعینات اے ایس آئی حضوربخش جکھرانی کی بدتمیزی اور گالم گلوچ پر شدیدمذمت کااظہارکرتے ہوئے صحافی الائنس پاکستان کے مرکزی صدر حسنین عباس زیدی، نائب صدر واحدعلی خان، سرپرست ہارون صدیقی، سہیل امین، معظم علی خان، سید آصف علی شاہ، حمید میمن ودیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں متعلقہ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور مذکورہ اے ایس آئی کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔

سید حسنین عباس زیدی نے کہاکہ پولیس کے محکمے میں موجودچند کالی بھیڑیں عوام کی حفاظت کا فریضہ انجام دینے کے بجائے شریف شہریوں کو بے جاتنگ کرنے میں مصروف ہیں، اے ایس آئی حضوربخش جکھرانی بدنام زمانہ ہے جو علاقے میں لوگوں کو بے جاتنگ کرنے کے حوالے سے مشہور ہے،حکام اس جانب توجہ دیں اور پولیس کے محکمے کو بدنام کرنے والوں کے گرد گھیراتنگ کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہزاد احسن نے بتایاکہ وہ طارق میڈیکل سے چیک اپ کرانے کے بعد فوٹو گرافر محمدیونس کے ہمراہ گھرواپس جارہاتھاکہ ایوب گوٹھ پولیس چوکی پرنشے میں دھت اے ایس آئی حضوربخش جکھرانی نے روک کر پسٹل تان لیااور تلاشی لینے کے بہانے بدتمیزی شروع کردی جس پر میں اپناتعارف کرایاتو تمام میڈیاکو گالیاں دیں اور کہاکہ میڈیامیراکیابگاڑ سکتاہے میں بااثر افسر کا رشتے دارہوں ،میرے بارباربتانے کے باوجود کہ میں بیمارہوں ابھی چیک اپ کرواکر آرہاہوں اس نے کوئی بات نہیں سنی اور مجھے اورمحمدیونس کو حبس بے جامیں رکھاجہاں دیگر پولیس والوں نے بھی اسی کاساتھ دیااور دبے لفظوں میں ڈراتے رہے ۔

انہوں نے بتایاکہ یہی نہیں اب مسلسل حضوربخش جکھرانی کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں ،مجھے اور محمدیونس کو تحفظ فراہم کیاجائے اور حضوربخش جکھرانی کے خلاف کارروائی کرکے زیادتی کا ازالہ کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :