پاکستان میں خواتین کوروزگار کے بہتر مواقع اور ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے: آسٹریلین ہائی کمشنر برائے پاکستان

مارکیٹ ڈویلپمنٹ فسیلٹی فنڈ کے تحت اب تک 28 کمپنیوں سے اشتراک،2300 خواتین کوملازمتیں دی جا چکی ہیں 9.8 ملین آسٹریلوی ڈالرز خواتین کی ترقی کے لئے مختص ہیں،2017 تک 42 کمپنیوں سے اشتراک کیا جائے گا

جمعرات 25 اگست 2016 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) آسٹریلوی حکومت کی طرف پاکستان میں خواتین کے لئے روزگار کے بہتر مواقع اور ماحول فراہم کرنے کے لئے بہترین اقدامات کئے جارہے ہیں۔پاکستان میں خواتین کی صلاحیت کسی بھی طرح ترقی یافتہ ممالک سے کم نہیں۔اگر ساز گار ماحول میسر ہو تو پاکستانی خواتین ملکی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

یہ بات پاکستان میں متعین آسٹریلوی ہائی کمشنرماگریٹ ایڈمسن نے لاہور میں خواتین کے لئے مخصوص جوتے بنانے والی کمپنی فٹ لب(Footlib) کے افتتاح کے موقع پر کہی۔یہ کمپنی آسٹریلوی حکومت کی مارکیٹ ڈویلپمنٹ فسیلٹی کے تعاون سے شروع کی گئی ہے جس کا مقصد پاکستان میں جوتے بنانے کی صنعت میں خواتین کے تعاون کو بڑھانا اور عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

9.8 ملین آسٹریلوی ڈالرز پر مشتمل یہ فنڈ پاکستان میں نجی شعبوں کی ترقی کے لئے مختص کیا گیا ہے۔2014 سے لے کر اب تک 28 پاکستانیوں کمپنیوں سے اشتراک کیا جا چکا ہے۔ جس میں چمڑا،پودا گھر اور ڈیر ی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کمپنیاں شامل ہیں۔2017 تک اس تعداد کو 42تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔اب تک اس پروگرام کے تحت 2300خواتین کو روزگار فراہم کیا جا چکا ہے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر پاکستانی جوتا ساز کمپنیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ باقی صنعتوں کو بھی خواتین کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔پاکستان میں صرف 25 فیصد خواتین برسرروزگار ہیں۔فٹ لب کے سی او اور پاکستان فٹ وئیر مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کے چیئرمین وسیم زکریا نے آسٹریلوی حکومت اور ہائی کمشنر کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا کردار کسی بھی بزنس کی ترقی میں بہت اہم ہوتا ہے ۔خواتین کے لئے مخصوص کمپنیاں بنانے سے انہیں ایک دوسرے سے سیکھنے کے لئے آرام دہ ماحول میسر آتا ہے۔

متعلقہ عنوان :