کراچی میں ایم کیو ایم اپنے کرتوتوں ، دہشت گردی اور قومی سلامتی کے خلاف مسلسل اعمال کی وجہ سے بے نقاب ہوگئی ہے ،آج کا کا تکمیل پاکستان کشمیرمارچ ملک سے کرپشن کے خاتمے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا ذریعہ بنے گا،جماعت اسلامی کرپشن کے خاتمے کیلئے عوام سے بھی رجوع کررہی ہے اور عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹا یا ہے، اس کیلئے سپریم کورٹ میں رٹ دائر کردی گئی ہے

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 25 اگست 2016 21:46

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 26؍اگست کا تکمیل پاکستان کشمیرمارچ پاکستان کی تکمیل ، ملک سے کرپشن کے خاتمے اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا ذریعہ بنے گا ،جماعت اسلامی کرپشن کے خاتمے کیلئے عوام سے بھی رجوع کررہی ہے اور عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹا یا ہے اس کیلئے سپریم کورٹ میں رٹ دائر کردی گئی ہے ،کراچی میں ایم کیو ایم اپنے کرتوتوں ، دہشت گردی اور قومی سلامتی کے خلاف مسلسل اعمال کی وجہ سے بے نقاب ہوگئی ہے ۔

میڈیا ہاؤسز پر حملے آزادی صحافت پر قدغن ہیں ۔ وہ جمعرات کوعام خاص باغ دولت گیٹ پر تکمیل پاکستان کشمیر مارچ کے مرکزی استقبالیہ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر چودھری عزیر لطیف، ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی، ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد، کنور محمد صدیق، صہیب عمار صدیقی، خواجہ عبیدالرحمن ، شیخ منظور الہی، شہزادہ بابر مان سمیت دیگر رہنما ہمراہ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی26؍اگست کو ملتان سے کرپشن فری پاکستان تحریک کے دوسرے اور فیصلہ کن مرحلے کا آغاز کررہی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پانامہ لیکس ، قرضے معاف کرانے والوں اور پلاٹوں پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کی لسٹوں نے لٹیروں، کرپٹ حکمرانوں ، سیاستدانوں ، بیورو کریٹس کے چہروں کو بے نقاب کردیا ہے ۔ ہماری تحریک کے نتیجے میں حکومت پر دباؤ بڑھا ہے جس کی وجہ سے وزیر اعظم نے دوبار پارلیمنٹ اور عوام سے خطاب کرنا پڑا جس میں ایک بڑے عدالتی کمیشن اور ٹی اوآرز کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا۔

پارلیمانی کمیٹی بنی جس پر اصولی طور پر حکومت اور اپوزیشن نے ٹی او آرز اور عدالتی کمیشن پر اتفاق کیا مگر حکومت اور اپوزیشن میں موجود کرپٹ عناصر روڑے اٹکا رہے ہیں ۔6ماہ سے لوگوں کو لارے لگارکھے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ کرپٹ لوگوں کا ٹرائل نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے عوام کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور عدالت سے بھی رجوع کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان مظفر وانی کی شہادت نے آزادی کشمیر کی تحریک میں ایک نیا جوش و ولولہ پیدا کیا ہے کشمیری پاکستان کا پرچم لہرا رہے ہیں اور اُن کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جاتا ہے ۔ بھارت نے ظلم وجبر کی انتہا کررکھی ہے مگر ہمارے حکمران بھارت سے دوستی کے چکر میں پڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کرپٹ نظام کرپٹ حکمران قوم کو نظریاتی معاشی، اخلاقی کرپشن دے رہے ہیں جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہورہا ۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان بھی حکمرانوں کے غلط اقدامات کی وجہ سے الگ ہوا جس سے حکمرانوں نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا ۔اب بھی قوم کولسانی، علاقائی ، گروہی تعصبات میں تقسیم کرو اور اقتدار پر قابض کی پالیسی پر عمل پیراہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکمیل پاکستان کشمیر مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے ۔ مارچ کشمیر کی آزادی، کرپشن سے نجات اور دشمن کے الہ کاروں کے خلاف ایک مضبوط اور توانا آواز اورذریعہ ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر نہیں چاہتے کہ احتساب ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئین وقانون کے مطابق مجرموں اور قومی سلامتی کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے۔