پچھلے 72گھنٹوں سے پاکستان کے خلاف جو کچھ بھی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ڈرامہ کر رہے ہیں، فیصل واڈا

یہ صرف پاکستانی قوم کی پانامہ لیکس سے توجہ ہٹانا تھا،اس ڈرامے کے ذریعے سے کشمیر ایشوز پر سے بھی توجہ ہٹائی گئی ہے، پریس کانفرنس

جمعرات 25 اگست 2016 21:20

پچھلے 72گھنٹوں سے پاکستان کے خلاف جو کچھ بھی ایم کیو ایم کے قائد الطاف ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واڈا نے کہا ہے کہ پچھلے 72گھنٹوں سے پاکستان کے خلاف جو کچھ بھی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ڈرامہ کر رہے ہیں یہ صرف پاکستانی قوم کی پانامہ لیکس سے توجہ ہٹانا تھا،اس ڈرامے کے ذریعے سے کشمیر ایشوز پر سے بھی توجہ ہٹائی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ عمران اسماعیل بھی تھے۔

فیصل واڈا نے کہا کہ یہ سارا ڈرامہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ذریعے سے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کروایا گیا ہے اور اس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کچھ لوگ بھی ملوث ہیں،انھوں نے کہا کہ اگر ملک میں موجود لٹیروں کا احتساب نہیں ہوا توملک کو سخت نقصان پہنچے گا،موجودہ حالات میں پاکستان کے خلاف جو بھی ڈرامہ ہوا ہے وہ جمہوریت کے بچانے کے لئے نہیں بلکہ پانامہ لیکس سے بچنے کے لئے کیا جارہا ہے لیکن اب چاہے کچھ بھی کیا جائے تحریک انصاف اپنی تحریک سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے ہم کرپٹ لوگوں کے مکمل احتساب تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس ڈرامے کے پیچھے اگر وفاقی حکومت نہیں ہے تو ایم کیو ایم کے قائدکے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرکے ان کے خلاف پابندی عائد کیوں نہیں کی جاتی، فیصل واڈا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں ہماری جماعت نے ایم کیو ایم پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ایک اور سوال پر انھوں نے کہا کہ بہتر گھنٹوں سے جو غداری ڈرامہ چل رہا ہے اس کا مقصد پانامہ لیکس سے دوسری طرف لیجانا ہے، اس کے ذریعے سے اسرائیل اور راء کو خوش کیا گیا ہے ،ہماری آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست ہے کہ ادارے سورہے ہیں اور ضرب عضب چل رہا ہے اور نتائج کچھ نہیں ہیں بندوق بانسری بجانے کے لئے نہیں ہوتی، انھوں نے کہا کہ جیلوں میں بیٹھ کر میئر کراچی کے انتخابات لڑے جارہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

کراچی میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ سب احتساب کو روکنے کی سازش ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایم کیو ایم پر پابندی عائد کی جائے فوج کو بلانے کے لئے ن لیگ بے تاب ہے ہم نہیں۔ضرب عضب جیسا آپریشن کرپشن کے خلاف بھی ہونا چاہئے۔ضرب عضب اسمبلیوں میں بھی کرنے کی ضرورت ہے۔اسمبلیوں میں کرپٹ لوگ بیٹھے ہیں،عمران اسماعیل نے کہا کہ بلدیاتی میئر ، دپٹی میئر اور چیئرمینوں کے انتخاب میں ہمارا ایم کیو ایم کے ساتھ کوئی خفیہ معاہدہ نہیں ہوا ہے۔تحریک انصاف نے کوئی وعدہ خلافی نہیں کی ہے۔