پاکستان اور چین کا انسداد بد عنوانی میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

دونوں دوست ملکوں کے معاملات میں انسداد بد عنوانی کو بھی اہمیت دی جائے گی ٗچیئر مین نیب کی گفتگو

جمعرات 25 اگست 2016 21:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان اور چین نے انسداد بد عنوانی میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے ویانا میں بدعنوانی کے تدارک کے موضع پر بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر آسٹریا میں چین کے مستقل مندوب ژانگ جن شی سے ملاقات کے دوران ہوا۔

ملاقات کے دوران نیب کی مجموعی کاکردگی بالخصوص گزشتہ دو سال میں قمر زمان چوہدری کی سربراہی میں نیب کی کارکردگی سمیت باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے کیونکہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ملکوں کے معاملات میں انسداد بد عنوانی کو بھی اہمیت دی جائے گی تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑے ترقیاتی منصوبوں اور زیرِ تکمیل منصوبوں بد عنوانی کی روک تھام کی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیب کی قانون پر عملدرآمد، پرایسکیوشن آگہی اور تدارک کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ویانا میں چین کے مستقل مندوب نے نیب کے ان اقدامات کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹیجک شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں انسداد بد عنوانی کے شعبہ میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے انسداد بد عنوانی میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے حوالے سے پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا جس پر دونوں ملک جلد دستخط کریں گے۔

انہوں نے چین میں انسداد بد عنوانی کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا جہاں بد عنوانی کے خلاف جنگ میں بلا امتیاز کارروائی کی جارہی ہے۔ فریقین میں انسداد بدعنوانی میں تعاون پر اتفاق رائے پایا گیا اور اُمید ظاہر کی گئی کہ مستقبل میں دونوں دوست ملکوں کہ درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔

متعلقہ عنوان :