وفاقی وزیر خزانہ کا انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار، منصوبے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت

جمعرات 25 اگست 2016 21:00

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم کے منصوبے پر پیشرفت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ اس منصوبے کی تیاری سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سٹیئرنگ کمیٹی کے چھٹے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے وفاقی وزیر کو بتایا ہے کہ طورخم اور واہگہ کے مقام پر زمین کے حصول کے لئے لیز ایگریمنٹ حتمی مراحل میں ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ نے سٹیئرنگ کمیٹی کو منصوبے کے متعلق آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان وسطی اور جنوبی ایشیا کا ٹریڈ اور ٹرانزٹ حب بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی مشکلات کی صورت میں وہ ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اجلاس میں وزارت خزانہ‘ اقتصادی امور ڈویژن‘ وزارت تجارت اور ایف بی آر کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :