شیخ زید ہسپتال لاہور میں جگر کی پیوند کاری کے حوالے سے سمپوزیم کا انعقاد

پاکستان کے پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں شیخ زاید ہسپتال واحد ہسپتال ہے، جس کو 84 کامیاب جگر کی پیوندکاریاں کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ،پروفیسر ڈاکٹرفرید احمد خان

جمعرات 25 اگست 2016 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء ) شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس، لاہور میں جگر کی پیوند کاری کے حوالے سے سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر آئے ہوئے بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال چائنہ کے پروفیسر ڈاکٹرز پر مشتمل وفد نے شرکت کی، اس سمپوزیم کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان، چئیرمین اینڈ ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس، لاہور تھے۔

چین سے آنے والے مہمانوں میں مسٹر یو بورن (قونصلیٹ جنرل چائنہ، لاہور)، پروفیسر زو زی جن، پروفیسر لی پنگ،پروفیسر سن لی ینگ اور ڈاکٹر احمد وقاص بھٹی شامل تھے۔ اس موقع پر شیخ زاید ہسپتال، لاہور کے ماہر ڈاکٹرز جن میں پروفیسر ڈاکٹر عامر لطیف(لیور ٹرانسپلانٹ سرجن)، پروفیسر ڈاکٹر ارشد کمال بٹ، ڈاکٹر عاکف دلشاد، ڈاکٹر عامر خان، ڈاکٹر شوکت شاہ کی جانب سے شرکاء کو مختلف موضوعات پر مفید معلوماتی لیکچرز دئیے گئے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان، چئیرمین اینڈ ڈین نے سمپوزیم میں خطاب کرتے ہوئے چائنہ سے آنے والے معزز مہمانان کو شیخ زاید ہسپتال، لاہور کے فیکلٹی ممبران اور تمام سٹاف کی جانب سے خوش آمدید کہا ، ان کا کہنا تھا کہ شیخ زایدہسپتال پاکستان کے پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں واحد ہسپتال ہے، جس کو 84 کامیاب جگر کی پیوندکاریاں کرنے کا اعزاز حاصل ہوا جو کہ کامیابی کی ایک عمدہ مثال ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال ، چائنہ کے ساتھ لیور ٹرانسپلانٹ کے شعبہ میں فیلو شپ پروگرام کا آغاز بھی کرنا چاہتے ہیں جو کہ پاک چین تعلقات میں مزید بہتری لانے کے ساتھ ساتھ جگر کی پیوند کاری کے حوالے سے جدید تکنیکس کے تبادلے میں بھی انتہائی موثر ثابت ہوگا، جس سے شیخ زاید ہسپتال میں جگر کی پیوند کاری پروگرام کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔

اسی حوالے سے حکومت پنجاب اور بیجنگ فرینڈ شپ ہسپتال، چائنہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان ، چیئرمین اینڈ ڈین، شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس کی زیر سرپرستی چائنہ سے آئے ہوئے پروفیسر ڈاکٹرز کی ٹیم نے شیخ زاید ہسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پرریاض نامی ایک مریض کے جگر کی کامیاب پیوند کاری کی، جس کواس کے بیٹے رمیزکی جانب سے جگر کا عطیہ دیا گیا، یہ آپریشن 12گھنٹے تک شیخ زید ہسپتال لاہور میں جاری رہا۔

متعلقہ عنوان :