کراچی،مکا چوک کا نام تبدیل کر کے شہید ملت لیاقت علی خان چوک سے منسوب کردیا گیا

جمعرات 25 اگست 2016 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) کراچی کے علاقے عزیز آباد میں واقع مکا چوک کا نام تبدیل کر کے اسے شہیدِ ملت لیاقت علی خان چوک سے منسوب کردیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اعلی سطح کے اجلاس میں عزیز آباد میں واقع مکا چوک کا نام تبدیل کر کے شہیدِ ملت لیاقت علی خان کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی گئی جبکہ اجلاس میں سرکاری اراضی پر قائم ایم کیو ایم کے تمام دفاتر کو ختم کرنے کے حوالے سے کیے گئے فیصلے کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

، قبل ازیں مکا چوک اور مرکز نائن زیرو سے متصل علاقے میں لگی قائد ایم کیو ایم کی تصاویر کو نامعلوم افرد کی جانب سے ہٹانے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔نامعلوم افراد نے جناح گراؤنڈ، لال قلعہ گراؤنڈ ، خورشید بیگم میموریل سیکریٹریٹ سے قائد ایم کیو ایم کی تصویر ہٹا دی ہیں اور گزشتہ روز ایک نوجوان کی جانب سے قائد ایم کیو ایم کی رہائش گاہ پر پاکستان زندہ باد کا اسٹیکر بھی چسپاں کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے مکا چوک پر پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم چوک کی چاکنگ بھی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سندھ کے مختلف شہری علاقوں حیدر آباد، سکھر، میر پور خاص میں بھی قائد ایم کیو ایم کی تصاویر پھاڑ دی گئی ہیں جبکہ حیدر آباد میں الطاف حسین کے نام سے منسوب یونیورسٹی کا بورڈ بھی نامعلوم افراد نے اکھاڑ دیا ہے۔واضح رہے مکا چوک کا قیام ڈاکٹر فاروق ستار کی 1991 میں مئیر شپ میں عمل میں لایا گیا تھا جو بعد ازاں متحدہ کی نشانی کے طور پر مشہور ہوگیا تھا۔

متعلقہ عنوان :