کھیلوں کی سرگرمیاں کسی بھی شہر کا سوفٹ امیج اجاگر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کرتی ہیں، گورنرسندھ

جمعرات 25 اگست 2016 20:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیاں کسی بھی شہر کا سوفٹ امیج اجاگر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کرتی ہیں جس سے نہ صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتیں اجا گر ہوتی ہیں بلکہ عوام کو تفریح بھی میسر آتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرز کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کلیش آف دی ٹائٹنس کے آرگنائزر اور ڈائریکٹر جنرل آڈٹ اظہر حمید سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے نیشنل اسٹیڈیم میں انعقاد سے نہ صرف اس گراؤنڈ کی رونقیں بحال کرنے میں مدد ملے گی بلکہ عوام کو ایک مکمل کرکٹ کا ماحول فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ملک کی 8 معروف ٹیموں کی شرکت سے شائقین کو معیاری کرکٹ بھی دیکھنے کو ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل آڈٹ کی کاوشوں کو سراہا ۔

اظہر حمید نے اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد ستمبر کے آخر میں کیا جائے گا اور اس کی افتتاحی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی۔ اس ٹورنامنٹ میں ملک کی 8 معروف ٹیمیں شریک ہوں گی جن کے مابین 15 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کے آغاز کے موقع پر گورنرز الیون اور سلیبرٹی الیون کے مابین نمائشی میچ بھی کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :