امت مسلمہ میں اتحادا ور وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے، محمد خان اچکزئی

مسلمانوں کے اتحاد اوریکجہتی میں ایک مستحکم اور منظم مسلم امہ بننے کا راز پوشیدہ ہے،گورنر بلوچستان

جمعرات 25 اگست 2016 20:38

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ امت مسلمہ میں اتحادا ور وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلمانوں کے اتحاد اوریکجہتی میں ایک مستحکم اور منظم مسلم امہ بننے کا راز پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی اقدار اور اصولوں کے پیش نظر دنیا بھر کے مسلمانوں میں اتحاد اور اتفاق کی فضاء قائم کرنے کے روشن امکانات موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو امام مسجد الاقصیٰ بیت المقدس الشیخ علامہ عکرمہ الصبری سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے ان سے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے مسلم ممالک کو درپیش چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ دینی علماء کرام کو ہمارے معاشرے میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور دنیاوی امورو معاملات میں وہ ہماری اسلامی تعلیمات کی روشنی میں رہنمائی بھی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری اسلامی دنیا میں امن و امان کے قیام اور اتحاد و اتفاق کی تشکیل میں علماء کرام اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور امن ہی مسلم امہ کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ امن کے قیام اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی سے متعلق شعور و رہنمائی کو فروغ دینے کے لئے کلیدی کردار ادا کریں۔ گورنر نے کہا کہ دین مبین اسلام ہمیں متحد اور متفق ہونے کیساتھ ساتھ ایک دوسرے کی مدد کرنے کا درس بھی دیتاہے۔

ضروری ہے کہ مسلمان نفاق و شقاق سے اپنے دامن کو بچائے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کی وحدت کی ایک علامت ہے اور حرمین شریفین کی عظمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اس موقع پر مسجد اقصیٰ کے پیش امام نے پاکستان اور اس کے عوام کا فلسطین کے بارے میں واضح موقف اختیار کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دنیا میں ہر فورم پر پاکستانیوں نے اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت کی ہے پاکستان کا یہ اقدام نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ ہم اسے قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ اسلام محبت و سلامتی کا دین ہے۔ انہوں نے دینی علماء کرام سے اچھے روابطہ رکھنے پر بھی زور دیا۔ بعد ازاں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور انکے لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :