ایم کیو ایم کے آئین میں ترمیم کی تیاری ، قائد ایم کیو ایم کو ویٹو پاور حاصل نہیں ہوگا، ذرائع

چند دن میں ایم کیو ایم پاکستان کے آئین میں ترمیم کرلی جائیگی ،آئین سے الطاف حسین کا نام بھی ہٹا دیا جائیگا

جمعرات 25 اگست 2016 20:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے آئین میں ترمیم کی تیاری کی جارہی ہے جس کے بعد قائد ایم کیو ایم کو ویٹو پاور حاصل نہیں ہوگا۔ایم کیوایم ذرائع کے مطابق بہت سے لوگوں کو اعتراض تھا کہ پارٹی آئین میں قائد ایم کیو ایم کو ویٹو کا حق حاصل ہے اور ترمیم کے بغیر فاروق ستار پارٹی کا کنٹرول نہیں سنبھال سکتے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ چند دن میں ایم کیو ایم پاکستان کے آئین میں ترمیم کرلی جائے گی جس کے بعد آئین سے الطاف حسین کا نام بھی ہٹا دیا جائے گا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق آنے والے دنوں میں ثابت ہوجائے گا کہ فاروق ستار کا اعلان لاتعلقی نورا کشتی نہیں تھا اور وہ حقیقتا ایم کیو ایم پاکستان کی باگ ڈور سنبھالنے کی کوشش کررہے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فاروق ستار ایم کیو ایم کو پابندی سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں، الطاف حسین کے بیانات کی وجہ سے ایم کیو ایم پر پابندی لگ سکتی ہے، سپریم کورٹ ماضی میں نیشنل عوامی پارٹی پر پابندی لگاچکی ہے۔