Live Updates

سوات موٹر وے کے تکمیل سے ملاکنڈ ڈویژن کی تقدیر بدل جائیگی،عمران خان

تحریک انصاف انسانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے ، جلد خواتین کیلئے یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائیں گے،مسلم لیگ(ن) کے موٹو گینگ کو چیلنج کرتا ہوں وہ خیبر پختونخوا میں کوئی ایک کرپشن کا بڑا کیس ثابت کر دے،چئیر مین تحریک انصاف کا جلسے سے خطاب

جمعرات 25 اگست 2016 20:34

سوات /پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے کہا ہے کہ سوات موٹر وے خیبر پختونخوا حکومت کا میگا پراجیکٹ ہے جس کی تکمیل سے ملاکنڈ ڈویژن کی تقدیر بدل جائے گی ،یہاں سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا اور عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، ملاکنڈ کے سرسبز پہاڑوں پر نتھیا گلی کی طرح دو سیاحتی مقام بنائیں گے ، سوات موٹر وے کی تکمیل سے اس خطہ میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالاکنڈ کے علاقہ تھانہ میں سپورٹس کمپلیکس میں ایک بہت بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چئیر مین تحریک انصاف نے سوات موٹر وے منصوبہ کے افتتاح پر خیبر پختونخوا حکومت مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے اس بڑے منصوبے کی تکمیل سے ترقی و خوشحالی کے نئے راستے کھلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں عوام سیاحت کیلئے ناران ، کاغان اور نتھیا گلی کا رخ کرتے ہیں لیکن اب اس موٹر وے کی تکمیل سے ملک بھر سے با آسانی لوگ ملاکنڈ ڈویژن سیاحت کیلئے آئیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں جلد خواتین کیلئے یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائیں گے ، ہم اپنی بچیوں کی تعلیم پر خرچہ کر رہے ہیں ، تحریک انصاف انسانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے جس کی مثال خیبر پختونخوا میں واضح نظر آرہی ہے، ہم نظام کی تبدیلی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ایک ایسا نظام جس میں تمام فیصلے میرٹ کی بنیاد پر اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے کئے جاتے ہیں، بد عنوانی ایک کینسر ہے جو ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے جب اس ملک کا سربراہ کرپشن میں ملوث ہو تو سارے کا سارا نظام کرپٹ ہوتا ہے، عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں نوے دن میں کرپشن ختم کرنے کا کہا تھا ، میں مسلم لیگ(ن) کے موٹو گینگ کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ خیبر پختونخوا میں کوئی ایک کرپشن کا بڑا کیس ثابت کر دیں ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں واضح تبدیلی آئی ہے، پولیس کے نظام میں بہت بہتری آئی ہے ، اساتذہ کو سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں میرٹ پر بھرتی کیا جا رہا ہے جبکہ اس سے قبل ماضی میں اسی صوبہ میں ایزی لوڈ کے نام پر تمام سرکاری امور چلائے جاتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ وفاق کر رہا ہے جبکہ بدنامی صوبائی حکومت کی ہو رہی ہے،انہوں نے کہا کہ میں وفاقی حکومت کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ بجلی کی تقسیم اور پیداوار کا نظام خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کر دے ، ملک میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جو چور ہیں وہ احتساب سے ڈرتے ہیں لیکن عوام اب ان چوروں کو نہیں چھوڑے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات