لیڈیز کلب پشاور کی ترقی وفروغ کے سلسلے میں تعارفی اجلاس

جمعرات 25 اگست 2016 20:24

پشاور۔25 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ کی سربراہی میں ان کے دفتر پشاورمیں لیڈیز کلب پشاور کی ترقی وفروغ کے سلسلے میں تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیڈیز کلب کے موجودہ خدوحال اورعدم سہولیات کاجائزہ لیتے ہوئے کلب کو مستقبل میں قومی سطح پر لانے کے لئے غوروخوض ہوااور کلب میں سیکورٹی سپورٹس ،پارک،پانی ،صا ف ستھرے ماحول کی فراہمی ودیگرسہولیات کی تجاویز پیش کی گئی۔

آئندہ اجلاس میں کلب کوچلانے کے لئے اعلان شدہ اعلامیہ کے مطابق مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائے گی تاکہ کلب کے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ممبران اپنی آرا تحریری طورپر پیش کریں ۔سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ کلب کوملک کے باقی کلبوں سے الحاق کے طریقہ کار اور ممبر شپ کوسہل بنانے کے لئے بھی لائحہ عمل وضع کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

کلب کوبہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ بلدیات موثر اقدامات اٹھائے گی۔

سیکرٹری بلدیات نے محکمہ سپورٹس کوجیم اورکھیلوں کے سامان کی فراہمی کے علاوہ واکینگ ٹریک اورسکواش کورٹ کی مرمت اورجلد تکمیل کے لئے بھی ہدایات جاری کیں ۔اس موقع پر خواتین ممبران نے لیڈیز کلب کے لئے صوبائی حکومت کی ازسرنوکوششوں کو بے حد سراہااوراس سلسلے میں لیڈیز کلب کی ترقی کے لئے تعاون کرنے کی بھر پوریقین دہانی کرائی۔واضح رہے کہ اس سلسلے میں آئندہ اجلاس ستمبر کے مہینے میں منعقد ہوگا۔

متعلقہ عنوان :