باب دوستی افغانیوں کی طرف سے پاکستانی جھنڈا جلانے کے بعد بند کیا گیا ، افغانستان کے ساتھ سرحدی نظام میں بہتری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر مذاکرات سے ہی حل ہوگا

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 25 اگست 2016 20:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ باب دوستی افغانیوں کی طرف سے پاکستانی جھنڈا جلانے کے بعد بند کیا گیا ، افغانستان کے ساتھ سرحدی نظام میں بہتری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، کشمیر کامسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہوگا۔

وہ جمعرات کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ باب دوستی افغانیوں کی طرف سے پاکستانی جھنڈا جلانے کے بعد بند کیا گیا، افغانستان کے ساتھ بارڈر پر انٹری پوائنٹس کی نگرانی کی جارہی ہے، سرحدی نظام میں بہتری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ نفیس ذکریا نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کی خواہش ہے اور مفاہمی عمل پاکستان ، چین ، امریکہ اور افغانستان کی مشترکہ ذمہ داری ہے، افغانستان کو مفاہمی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، ہزاروں کی تعداد میں کشمیری زخمی ہیں اور انہیں بینائی سے محروم کیا جارہا ہے،کشمیر کا مسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو متعدد بار مذاکرات کی دعوت دی ہے، ہماری کوشش ہے کہ عالمی برادری کو بھارتی ظلم و ستم سے آگاہ کیا جائے۔