آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا افغان صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، امریکن یونیورسٹی پر حملے کی مذمت

muhammad ali محمد علی جمعرات 25 اگست 2016 20:15

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا افغان صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، امریکن یونیورسٹی ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25اگست 2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے امریکن یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق آرمی چیف راحیل شریف کی جانب سے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا ہے۔ اس دوران آرمی چیف نے کابل میں امریکن یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سرزمین افغانستان میں دہشتگردی کیلیے استعمال نہیں ہونے دینگے۔

(جاری ہے)

جبکہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ افغان حکام نے 3 ٹیلیفون نمبرز بتائے جو مبینہ طور پر حملہ آور استعمال کر رہے تھے۔ افغان حکام کے مطابق دہشتگرد ان 3 موبائل نمبر سے رابطہ میں تھے۔ دیے گئے نمبروں کی بنیاد پر پاک فوج کی جانب سے پاک افغان سرحد کے قریب کومبنگ آپریشن کیا گیا۔ کومبنگ آپریشن میں پتا چلا یہ سمز ایک افغان کمپنی آپریٹ کر رہی ہے۔ اس کمپنی کے سگنل پاک افغان سرحد کے قریب بعض علاقوں میں آتے ہیں۔ دیے گئے افغان نمبرز کا مزید تکنیکی جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔ جبکہ حاصل ہونیوالی معلومات افغان حکام کیساتھ شئیر کر دی گئی ہیں۔