Live Updates

وزیراعظم اپنے سرمائے کا حساب دیں ،پانامہ لیکس پر ان کو جواب دینا پڑے گا، ہم یہ نہیں بھولے،3ستمبرکو لاہور جائیں گے آپ لوگ ہمارا ساتھ دیں، سربراہ کرپٹ ہوتو ملک تباہ ہوجاتا ہے،کرپشن سے ادارے تباہ ہوجاتے ہیں، کرپشن ایک کینسر ہے ، یہ ملک کو دیمک کی طرح چاٹ جاتی ہے ، 90دن میں کرپشن ختم کرنے کاوعدہ کیا،اسے کافی حدتک پوراکردیا،بڑی کرپشن ختم کردی ، وفاق کوچیلنج کرتا ہوں کہ وہ ہمارے صوبے میں کرپشن کا ایک بڑاکیس نکال کے دکھا دیں،پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا میں ٹیچرز سکول آتے ہیں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا چکدرہ میں عوامی جلسے سے خطاب

جمعرات 25 اگست 2016 20:11

چکدرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے وزیراعظم نوازشریف اپنے سرمائے کا حساب دیں ،پانامہ لیکس پر وزیراعظم کو جواب دینا پڑے گا اسے ہم نہیں بھولے اور3ستمبرکو لاہور جائیں گے ، عوام ہمارا ساتھ دیں، سربراہ کرپٹ ہوتو ملک تباہ ہوجاتا ہے،کرپشن سے ادارے تباہ ہوجاتے ہیں، کرپشن ایک کینسر ہے جو ملک کو دیمک کی طرح کھا جاتی ہے،بڑی کرپشن ملک کو خاص طور پر تباہ کردیتی ہے۔

میں نے وعدہ کیا تھا کہ 90دن میں کرپشن ختم کرکے دکھائیں گے ہم نے بڑی کرپشن ختم کردی ہے،میں چیلنج کرتا ہوں وفاق کو کہ آپکے پاس نیب ہے ہمارے صوبے میں ایک بڑا کرپشن کا کیس نکال کے دکھا دیں،پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا میں ٹیچرز سکول آتے ہیں،۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو چکدرہ میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے اسکولوں میں 3سال میں تبدیلی آگئی،تعلیم کی وجہ سے تبدیلی آتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سوات موٹروے سے علاقے میں سیاحت بڑھے گی اور پہاڑوں پر 2نتھیا گلی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر قومیں اوپر جاتی ہیں میرٹ ہوتو کرکٹ اور ہاکی ٹیمیں جیت کے آتی ہیں،اگر میرٹ نہ ہوتو ملک آگے نہیں بڑھ سکتے،آج پی ٹی آئی میں میرٹ ہے تو نوجوان مراد سعید ڈپٹی سیکرٹری جنرل بن چکا ہے،تحریک انصاف کا یہ ہی اگر کسی اور سیاسی جماعت میں ہوتا تو اوپر آنے کیلئے سیاسی قیادتوں کے ساتھ رشتہ داری ضروری تھی۔

عمران خان نے کہا کہ میرٹ کی بنیادپر کوئی بھی نوجوان محنت کرکے تحریک انصاف کا چیئرمین بن سکتا ہے۔عمران خان نے چکدرہ میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں سکولوں کی حالت بہتر بنائی جس وجہ سے 34ہزار بچے پرائیویٹ اداروں سے سرکاری اسکولوں میں واپس آگئے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرے خلاف پنجاب میں 6مقدمات بنائے گئے جبکہ کے پی کے میں ایک بھی سیاسی مخالف کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہے کیونکہ یہاں کی پولیس غیر سیاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ اپنے ملک کے اسپتالوں پر پیسہ لگائیں گے ملک کا سب سے بڑا اثاثہ اس ملک کے نوجوان ہیں ان کو ہم نے تعلیم دے دی تو یہ خود ہی کام کریں گے اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے،سب سے کم پیسہ تعلیم پر برصغیر میں پاکستان میں لگایا جاتا ہے تعلیم کا پیسہ دوسرے منصوبوں میں لگا کر کرپشن کی جاتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے سوات میں 35ارب روپے کا موٹروے بنایا جبکہ یہی موٹروے پنجاب میں 45ارب روپے کا بنا ہے،ہم اپنی آنے والی نسلوں کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں اس لئے بلین ٹری منصوبہ کے پی کے میں مکمل کرر ہے ہیں،اگر درخت نہ ہوئے تو ہمارا ملک ریگستان بن جائے گا یہ منصوبہ غریبوں کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی نعمتوں سے مالا مال ہے،دنیا کے آدھے پہاڑ پاکستان میں آتے ہیں 12موسم ہیں اور خوبصورتی ہے،کے پی میں پہلی بار بلدیاتی اداروں کو ڈویلپمنٹ فنڈز دیئے گئے ہیں،پہلی دفعہ یہ نظام چلایا جارہا ہے جس وجہ سے کچھ مشکلات جو آہستہ آہستہ دور ہوجائیں گے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کرپشن ایک کینسر ہے جو ملک کو دیمک کی طرح کھا جاتی ہے،بڑی کرپشن ملک کو خاص طور پر تباہ کردیتی ہے۔

میں نے وعدہ کیا تھا کہ 90دن میں کرپشن ختم کرکے دکھائیں گے ہم نے بڑی کرپشن ختم کردی ہے،میں چیلنج کرتا ہوں وفاق کو کہ آپکے پاس نیب ہے ہمارے صوبے میں ایک بڑا کرپشن کا کیس نکال کے دکھا دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم قانون بنارہے ہیں کہ جو بھی کے پی کے کسی ادارے میں کرپشن کی نشاندہی کرے گا اس کو 30فیصد پیسے دیئے جائیں گے اور نام بھی راز میں رکھا جائے گا۔

میں چیلنج کرتا ہوں کہ باقی صوبے بھی یہ قانون بنائیں مگر نواز شریف یہ قانون نہیں بنائے گا کیونکہ وہ خود پکڑا جائے گا۔عمران خان نے کہاکہ ہمیں وفاق کی طرف سے بجلی میں ہمارا حصہ نہیں دیا جارہا ہے،ہمیں بجلی کا نظام چلانے دیا جائے تو میں وعدہ کرتاہوں کہ ہم پورے ملک کو بجلی بناکر سپلائی دیں گے اور ریٹ بھی کم کردیں گے،اداروں کو مضبوط کرنے سے ملک ترقی کرتا ہے،نواز شریف اداروں کو کمزور کر رہاہے،اس لئے ہم نے 3ستمبر کو لاہور جانا ہے،نواز شریف سے حساب لینا ہے کہ وہ اربوں روپے کا مالک کیسے بنا،مالاکنڈ کے لوگو نواز شریف کے خلاف احتجاج میں آپ نے میرا ساتھ دینا ہے تاکہ ہم پاکستان کو مضبوط بنائیں ہم سب کو لاہور میں اکٹھا کرکے انصاف مانگیں گے اور اگلے ہفتے سپریم کوٹ بھی جائیں گے،نواز شریف کو چھوڑیں گے نہیں اسے جواب دینا پڑے گا،نواز شریف کو لوٹا ہوا پیسہ واپس لے کر آئیں گے۔

(خ م)

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات