مدارس کی رجسٹریشن ، قانون سازی سے پہلے اتحاد تنظیمات مدارس کو اعتماد میں لیا جائے، وفاق المدارس الشیعہ

نیشنل ایکشن پلان کودہشت گردوں کی بجائے اسلامی مراکز کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، علامہ نیاز نقوی

جمعرات 25 اگست 2016 20:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء )وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن کی قانون سازی سے پہلے اتحاد تنظیمات مدارس کو اعتماد میں لیا جائے۔جس میں پانچوں وفاق المدارس کی نمائندگی ہے۔ علما کے وفود سے گفتگو میں علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف، وزیر مذہبی امور سردار یوسف ، وزیر تعلیم بلیغ الر حمان اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اتحاد تنظیمات مدارس کے رہنماوں کی ملاقات میں یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ مدارس سے متعلق کسی قسم کی قانون سازی سے پہلے انہیں اعتماد میں لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پانچوں وفاق المدارس کو اعتماد میں لئے بغیر کی گئی کسی قسم کی قانون سازی غیر موثر ہوگی، اس حوالے سے سندھ حکومت ہوش کے ناخن لے اور زبردستی کسی فیصلے کو ٹھونسنے کی جرات نہ کرے، اس سے حالات خراب ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے تمام طبقات نے نیشنل ایکشن پلان کو نہ صرف قبول کیا تھا بلکہ اس کی حمایت بھی کی تھی، مگر افسوسناک بات ہے کہ اسے دہشت گردوں کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے ، اسلامی مراکز مدارس،مساجد ،اور اما م بارگاہوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ مساجد میں لاوڈ سپیکر پر درووسلام پڑھنے، اورمجالس عزا کروانے پر ایف آئی آرز درج کی جاتی ہیں۔ جن کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔