پاکستان قائم ہے اور قائم رہنے کیلئے بناہے‘ قوم کبھی پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کو معاف نہیں کرے گی‘مودی کے بعد الطاف حسین کی ہرزہ سرائی انتشار پھیلانے اور سی پیک منصوبے کے راہ میں روڑے اٹکانے کی ناکام کوشش ہے‘قوم کالی بھیڑوں اور میر جعفروں کو پہچان چکی ہے

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا بیان

جمعرات 25 اگست 2016 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں نے بے پناہ قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا اور پاکستان اﷲ کے کرم وفضل سے قائم و دائم ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دُشمنوں کی تقاریراور ہرزہ سرائی پاکستان کا بال بھی بیگانہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہاکہ اس سرزمین میں لاکھوں شہیدوں کا خون شامل ہے اور اُن کی روحیں آج ملک میں موجود کالی بھیڑوں اور میر جعفروں کی تقاریراور ہرزہ سرائی پر سخت تکلیف کا شکار ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کی داستانیں اور ہر سال دو سال کے بعد اس میں ایک نئی لہر اور شدت آتی ہے لیکن پرُامن تحریک آزادی کشمیر ہر گزرتے دن کے ساتھ اور زیادہ مضبوط ہو رہی ہیمودی اور الطاف حسین کی موجودہ ہرزہ سرائی اور اُن کے آزادکشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان سے متعلق بیانات اُن کی اُس ٖFrustration کا اظہار کر رہے ہیں جس کا سامنا اُن کو مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی پرامن تحریک آزادی اور پاکستان کے لیے دفاعی اور معاشی اعتبار سے انتہائی اہمیت کے منصوبے 'پاک چین اقتصادی راہداری ـ" کے منصبوے کی تکمیل ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ نریندر مودی نے کلبھوشن یادیو جیسے سینکڑوں کی تعداد میں ایجنٹس بھیجے اور ہمارے ملک میں میر جعفروں سے گٹھ جوڑ کر کے اس منصوبے کو ناکام کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے اور پاکستان کے خلاف جارحانہ دفاع اور کولڈ سٹارٹ جیسے کئی حکمت عملی پر عمل کر رہا ہے تاکہ پاکستان کو معاشی طاقت بننے سے روکا جائے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستانی قوم جاگ رہی ہے اور خصوصی طورپر اردو بولنے والے محب وطن پاکستانی بھی ان شرپسند اور ملک دُشمن عناصر کو مکمل طور پر پہچان چکے ہیں اور وہ ان عناصر کو کسی صورت میں پوری پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی اجازت ہر گز نہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نریندرمودی اور الطاف حسین کی ایک زبان نے پوری پاکستانی قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا ہے اور پوری پاکستانی قوم اپنی حکومت اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور قوم کے جذبات سے کھیلنے والوں سے ایک ایک لفظ کا پوراحساب لیا جائے گا۔