چاول کی پیداوار اور برآمدات کو مزید بڑھانے کیلئے اعلیٰ معیار کے چاول کے بیج متعارف کرانے کی ضرورت ہے ،چاول کی برآمدات میں اضافے کیلئے اس کے راستے میں تمام رکاوٹوں کا خاتمہ کر نے میں تعاون کریں گے

صدر مملکت ممنون حسین کی رائس ایکسپورٹرز ایسوسی آف ایشن پاکستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 25 اگست 2016 19:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چاول کی پیداوار اور برآمدات کو مزید بڑھانے کے لئے اعلیٰ معیار کے چاول کے بیج متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی مانگ میں مزید اضافہ ہو۔ وہ جمعرات کو ایوان صدر میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی آف ایشن پاکستان کے چیئرمین محمدشفیق کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان چاول کے شعبے کی برآمد ات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے جس سے نہ صرف چاول برآمد کنندگان کو فائدہ ہو گا بلکہ کسان بھی اسے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ صدرمملکت نے کہا کہ ٹریڈ ایسوسی ایشن کاروبارکو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ کاروباری اور صنعتی شعبوں کو سہولیات دینے کے لیے حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں جا رہی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ چاول کی صنعت پر بین الاقوامی منڈیوں میں قیمتیں کم ہو گئی ہیں جس سے اس سے وابستہ لوگوں کو نقصان ہوا ہیلیکن اس شعبے سے وابسطہ لوگوں نے عزم وہمت کا مظاہرہ کیا جو کہ قابل تحسین ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چاول کا شعبہ زر مبادلہ کے اعتبار سے پاکستان کا دوسرا بڑا شعبہ ہے لہذا اس کی حوصلہ افزائی اور اس میں مزید بہتری کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

صدر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس شعبے میں بہتری اور چاول کی برآمدات میں اضافے کے لیے اس کے راستے میں تمام رکاوٹوں کا خاتمہ کر نے میں تعاون کریں گے۔ صدرمملکت نے زرعی شعبے سے وابسطہ تحقیقاتی اداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چاول کی زیادہ اور اعلٰی پیداوار کے لیے بیج متعارف کرا ئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ فصل حاصل ہواورملک کی معیشت مضبوط ہو۔وفد نے صدر مملکت کو چاول کی برآمدات میں اضافہ اور عمدہ فصل کے لیے اپنی تجاویز دیں اور باسمتی چاول کو پیٹینٹ کرنے میں مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے ملک کی برآمدات کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔