جاپان میں ٹرک ڈرائیور نے موبائل پر پوکے مون گو گیم کھیلتے ہوئے 2 خواتین کو کچل ڈالا

جمعرات 25 اگست 2016 18:53

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اگست ۔2016ء) جاپان میں ٹرک ڈرائیور نے موبائل پر پوکے مون گو گیم کھیلتے ہوئے 2 خواتین کو کچل دیا جن میں سے ایک ہلاک اور دوسری شدید زخمی ہوگئی،پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق جاپان میں ٹرک ڈرائیور نے موبائل پر پوکے مون گو گیم کھیلتے ہوئے 2 خواتین کو کچل دیا جن میں سے ایک ہلاک اور دوسری شدید زخمی ہوگئی۔

ٹرک ڈرائیور کو غلفت برتنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس نے بتایا کہ گیم کی وجہ سے اس کا دھیان بٹ گیا تھا اور حادثہ پیش آگیا۔جاپانی کمپنی کے ساتھ مل کر پوکے مون گو گیم تیار کرنے والی کمپنی نیانٹک انکارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ گیم میں ایک فیچر متعارف کرارہے ہیں جس کے تحت جیسے ہی موبائل فون تھامے ہوئے شخص کی رفتار تیز ہوگی ایک ونڈو کھل جائے گی جو اس سے پوچھے گی کہ آپ ڈرائیونگ تو نہیں کررہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پوکے مون گو متعارف ہوتے ہی دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوگیا تھا اور ’پوکے مون گو‘ میں صارفین کو دنیا کے حقیقی مقامات پر مونسٹرز (بلاؤں) کوتلاش کرنا ہوتا ہے۔اپنے موبائل فون پر دیکھتے ہوئے حقیقی دنیا میں مونسٹرز کی تلاش کے دوران لوگ اکثر کسی چیز سے ٹکرا جاتے ہیں یا ان کے ساتھ کوئی حادثہ پیش آجاتا ہے۔پوکے مون گو کھیلتے ہوئے پیش آنے والے واقعات کی وجہ سے حکام نے اعلانات بھی کیے کہ لوگ اپنا خیال رکھتے ہوئے یہ گیم کھیلیں۔

جولائی میں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ گوئٹے مالا میں ایک نوجوان پوکے مون گو کھیلتے ہوئے کسی کے گھر میں داخل ہوگیا تھا اور اسے گولی مار دی گئی تھی۔جولائی میں ہی امریکا لندن کے ایک پارک میں پوکے مون گو کھیلنے والے شہریوں کے موبائل فون گن پوائنٹ پر چھین لیے گئے تھے۔یاد رہے کہ ایران نے بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک میں ویڈیو گیم ’پوکے مون گو‘ کھیلنے پر پابندی عائد کردی ہے،انڈونیشیا میں بھی ڈیوٹی کے دوران پولیس افسران پر ویڈیو گیم کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی جبکہ ایک فرانسیسی شہری کو گیم کھیلتے ہوئے فوجی اڈے کے اندر داخل ہونے پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔اس سے قبل ایک سعودی عالم پوکے مون گیم کھیلنے کے خلاف فتویٰ بھی جاری کرچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :