Live Updates

اصولوں سے انحراف تحریک انصاف کا وطیرہ رہا ہے،ارکان سندھ اسمبلی پیپلزپارٹی

جمعرات 25 اگست 2016 18:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی سندھ ساجد جوکھیو، جاوید ناگوری اور شاہینہ شیر علی نے کراچی کے ضلع غربی میں بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلے میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے موقع پر کراچی اتحاد سے بغاوت کرنے پر تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصولوں سے انحراف تحریک انصاف کا وطیرہ رہا ہے اور اس بغاوت سے ثابت ہوچکا ہے کہ تحریک انصاف صرف ذاتی مفادات کے گرد گھومنے والے عاقبت نااندیشوں کا ٹولہ ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا حسن ہی یہ ہے کہ سیاسی پارٹیاں اپنے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے اپنی سیاست کریں لیکن جب اتحاد میں شامل ہوں تو اتحاد کے فیصلوں کا نہ صرف احترام کریں بلکہ اسے تکمیل تک پہنچانے میں آخری حد تک جائیں تاہم تحریک انصاف ابھی تک اس بنیادی اصولوں کو سمجھنے سے قاصر ہے جس سے ملک بھر میں اس کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے عمل سے ثابت کر دیا ہے کہ اس پر بھروسہ نہیں کیاجاسکتا اور ان کے اس عمل سے سیاسی محاز پر سیاسی ورکروں اور جمہوریت پسند قوتوں کو شدید مایوسی ہوئی ہے، تحریک انصاف کو چاہئے کہ اپنے کردار پر نظر ڈالے اور سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات