اقوام متحدہ کی منشیات اورجرائم سے متعلق یونٹ کے وفد کاآئی جی خیبرپختونخوا سے ملاقات

جمعرات 25 اگست 2016 18:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) اقوام متحدہ کی منشیات اورجرائم سے متعلق یونٹ کے ایک چار رکنی وفد نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مسٹر سیزار گوئیڈس کر رہے تھے۔ جبکہ دیگر ارکان میں دانیلو، سید ارسلان اور ملک توصیف شامل تھے۔آئی جی پی نے وفد کے ارکان کو تبایا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو اپنے فرائض بہتر پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرنے کے لیے ان کے جوانوں کی استعدادی صلاحیتوں بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جاری ہے۔

اس مقصد کے لیے پچھلے تین سالوں کے دوران 6 سپیشلائزڈ سکولوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ آئی جی پی نے وفد کے ارکان کو دہشت گردی کی عفریت سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے بنائی گئی سپیشل کمبٹ یونٹ کے بارے میں بھی بتایا۔

(جاری ہے)

اور اس یونٹ کی استعدادی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کے لیے یو این اُو ڈی سی کے خدمات کی تجویز پیش کی۔ آئی جی پی نے تفتیشی شعبہ بالخصوص دہشت گردی کے مقدمات میں ملزموں کو سزا یقینی دلوانے کے لیے صوبے کی ریجنل ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر فورنزک سائنس لیبارٹری کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔ وفد کے سربراہ نے ان کی تنظیم کی جانب سے خیبر پختونخوا پولیس کی ہر ٹیکنیکی و فنی تعاون کا یقین دلایا۔