ڈ ی سی او محمد عثمان اور پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کا نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

بارش کے دوران شہری بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں ،اپنے گھروں کی چھتوں پر بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں ‘ڈی سی او لاہور کی گفتگو

جمعرات 25 اگست 2016 18:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) ڈ ی سی او لاہور کیپٹن (ر ) محمد عثمان اور پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر نے شہر میں ہونے والی بارش کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔انہوں نے لکشمی چوک، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، لارنس روڈ، مجید نظامی روڈ، شمع چوک، شادمان، مال روڈاور جی پی او چوک کا دورہ کیا۔

انہوں نے وہاں پر نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اورسٹاف کی حاضری اور پانی کے نکاس کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر ڈی سی اولاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا کہ شہرسے بارشی پانی کو نکالنے کے لیے واسا، ایل ڈبلیو ایم سی کی مشینری کام کر رہی ہے اور شہر کے نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کا نکاس کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز اپنے اپنے علاقوں میں نشیبی علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے نکاسی آب کے کاموں کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈی سی اولاہور نے واسا ،ٹاؤنز انتظامیہ اور ایل ڈبلیو ایم سی اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ تا کہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کر نا پڑے۔ڈی سی او لاہور نے شہریوں سے بھی ا پیل کی کہ وہ بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور اپنے گھروں کی چھتوں پر بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور شہری اپنے گھروں کی بوسیدہ دیواروں کے ساتھ اور بوسیدہ چھتوں کے نیچے نہ بیٹھیں۔

علاوہ ازیں ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے آج مناواں کے علاقہ جھگیاں مزنگ گاؤں میں چھت گرنے کے واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے حکام کوملبے تلے دبے افراد کو جلد نکالنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی سہولیات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ڈی سی او لاہورنے چھت گرنے کے باعث 2سالہ بچی کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔

انہوں نے واہگہ ٹاؤن کے ایڈمنسٹریٹر کو بچی کے تدفین کے تمام تر انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ڈی سی اولاہور نے جاں بحق ہونے والی بچی کے والدین کی شکایت کی خبر پر ریسکیو 1122ٹیم کے جائے حادثہ پر لیٹ پہنچے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے ۔انہوں نے اس ضمن میں اے ڈی سی( آر) لاہور عر فان نواز میمن کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے جو کہ انکوائری مکمل کرکے اُس کی رپورٹ ڈی سی او لاہور کو دیں گے۔علاوہ زیں ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے پنجاب یونیورسٹی کے گیٹ نمبر 15پر سڑک پر گرنے والے درخت کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹاؤن ایڈمنسٹریٹر کو سڑک سے درخت کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی ۔ڈی سی او لاہور نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایاجائے۔

متعلقہ عنوان :