خزانہ اسکینڈل میں برآمد ہونیوالی رقم سے کوئٹہ میں جدید اسپتال بنایا جائیگا، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اﷲ زہری کا اعلان

جمعرات 25 اگست 2016 18:36

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اﷲ زہری نے اعلان کیا ہے کہ خزانہ اسکینڈل میں برآمد ہونیوالی رقم سے کوئٹہ میں جدید اسپتال بنایا جائے گا۔نیب کے زیر اہتمام کرپشن کی روک تھام سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔

اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ نواب ثناء اﷲ زہری کا کہنا تھا کہ بدعنوان عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ خزانہ اسکینڈل سے برآمد کی گئی رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے اور اس رقم سے کوئٹہ میں ایک جدید اسپتال قائم کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام اداروں کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ کرپشن ختم ہوگی تو ادارے مضبوط ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ مشیر خزانہ خالد لانگو نے کرپشن الزامات پر استعفی دیا۔ ہم نے مشورہ دیا کہ عدالتوں کا سامنے کریں۔ کون گنہگاراور کون بے گناہ ہے۔ یہ ثابت کرنا عدالتوں کا کام ہے۔ ہمیں اپنے اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ امر حوصلہ افزاء ہے کی نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے بھر پور کردار ادا کررہا ہے۔ یاد رہے کہ محکمہ بلدیات اور محکمہ خزانہ کے اربوں روپے ترقیاتی فنڈز کی تحقیقات کے دوران نیب نے مشتاق رئیسانی کے گھر اور ایک بیکری سے ستر کروڑ سے زائد کی رقم برآمد کی تھی۔

متعلقہ عنوان :