ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوارکرنے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ فرینڈلی ماحول ناگزیر ہے ‘ رفیق رجوانہ

موجودہ سیاسی صورت حال میں ہم سب کونہ صرف ذمہ دارانہ سیاست کا مظاہرہ کرنا ہے بلکہ جذبہ حب الوطنی سے مزید سرشار ہو کر ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہے ‘ گورنر پنجاب کی آل پاکستان بزنس فو رم کے وفد سے گفتگو

جمعرات 25 اگست 2016 18:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورت حال میں ہم سب کونہ صرف ذمہ دارانہ سیاست کا مظاہرہ کرنا ہے بلکہ جذبہ حب الوطنی سے مزید سرشار ہو کر ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہے ،آج ملک اﷲ کے فضل اورکر م سے معاشی اور اقتصادی طور پر ترقی کی طرف گامزن ہو چکا ہے جو ملک دشمن عناصر کے لیے تکلیف اور تشویش کا باعث ہے ،ملک میں منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ، ہم سب کو اس موقع پر اتحاد و اتفاق کی نظیر قائم کرنی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان بزنس فو رم کے آٹھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ابراہیم قریشی کی سربراہی میں ان سے گورنرہاؤس لاہور میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اس بات کا تہیہ کیے ہوئے ہے کہ پاکستان کو ہر حال میں سیاسی اور جمہوری اعتبار سے مضبوط اور مستحکم کرنا ہے ،بلا شبہ پاکستان کا ہر فرد اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہا ہے - گورنر پنجاب نے کہا کہ جب مسلم لیگ نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک کو بے پناہ مسائل درپیش تھے ، ملک بھر میں بارہ سے سولہ گھنٹے لوڈشیڈنک اور سوئی گیس کا نہ ہونا معمول بن چکاتھا ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں تین سال کے مختصر عرصے میں حکومت نے تمام بڑے چیلنجز پر بڑی کامیابی سے قابو پالیا ہے -گورنر پنجاب نے کہا کہ توانائی کے بحران کے خاتمہ کے لیے ان منصوبوں پر تیزی سے کام جا ری ہے جس سے لوڈشیڈنگ اور گھریلو صارفین اور صنعتی یونٹوں کو بلا تعطل سوئی گیس کی فراہمی میں بہتری آئے گی- گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت عوام کو نہ صرف بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے بلکہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں -گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوارکرنے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ فرینڈلی ماحول ناگزیر ہے ، بلاشبہ تاجر برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پر قوم کو فخرہے جو ملک کو بہت بڑا ریونیو فراہم کرتے ہیں -گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ لوگ ملک کا قیمتی سرمایہ او ر اثاثہ ہیں اور وطن عزیز کو جب بھی کوئی مشکل گھڑی پیش آئی آپ نے دل کھول کر مدد کی ہے - انہو ں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں ترجیحی بنیادو ں پر حل کیا جائے گا- وفد کے سربراہ ابراہیم قریشی نے کہا کہ تاجر برادری کو فرینڈلی ماحول اور فرینڈلی پالیسز میسر ہوں تو بہت اچھے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت کے تعاو ن سے ہی ان کا کاروبار پھلتا پھولتا ہے -انہو ں نے کہا کہ حکومت کے اقتصادی وژن کی بدولت ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے اور عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافہ ہوا ہے - انہو ں نے کہا کہ ملک میں معیشت کی بہتری کے لیے وزیر اعظم اور ان کی پوری اقتصادی ٹیم جس یکسوئی سے کام کر رہی ہے یقینا اس کے پاکستانی معیشت میں بہتر نتائج برآمد ہو ں گے- وفد کے سربراہ نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کیں -