چیئرمین بلاول بھٹوکی سربراہی میں پارٹی مزید فعال اور مضبوط ہوگی،نثار کھوڑو

میئرزاور چیئرمینزکے انتخابات میں پی پی کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے،وزیر خوراک و پارلیمانی امور سندھ

جمعرات 25 اگست 2016 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) سندھ کے وزیر خوراک و پا رلیمانی امور اور پیپلز پارٹی کو آرڈینیشن کمیٹی سندھ کے سربراہ نثار احمد کھوڑونے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں نو منتخب میئرز،ڈپٹی میئرز ، چیئرمینزاور وائس چیئرمینزکو مبارکباد دیتے ہوئے امیدظاہرکی ہے کہ وہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں سندھ کے لوگوں کی خدمت کرنے ،سندھ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی توانائیاں اور صلاحیتوں کو استعمال کرنے میں کو ئی کسر نہیں چھوڑینگے۔

انھوں نے کہا کہ پی پی امیدواروں کو ووٹ نہ دینے والے پی پی کونسلرز کے بارے میں تحقیقات ہورہی ہے اورایسے کونسلرز کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائینگے۔آج جمعرات کو اپنے ایک جاری کردہ بیان میں نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ کے دارالخلافہ کراچی کے ضلع کونسل اور دونوں ڈی ایم سیز میں پی پی کی کامیابی سے ثابت ہوگیا کہ پی پی کراچی سے کشمور تک ،گاؤں سے شہر تک عوام میں مقبول اور نمائندہ جماعت رہی ہے۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں نو منتخب نمائندے اپنے جوش وجذبے سے عوام کی خدمت کرنے والی پارٹی کو مزیدمستحکم کرنے میں اپنا مثبت کردار اداکرینگے۔انھوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کا علاقوں میں لوگوں کی سماجی اور بنیادی مسائل حل کرنے میں اہم کردار ہے،سندھ حکومت چاہتی ہے کہ بلدیاتی اداروں کے نومنتخب نمائندوں کو قانون کے مطابق اختیار استعمال کرتے ہوئے آگے آناچائیے۔انھوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے آئینی کردار کو نظرانداز نہیں کرسکتے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ یونین کونسل کے ساتھ ٹاؤن،ضلعی،میونسپل سطح تک نمائندوں کو اپنے آئینی حد ود میں رہتے ہوئے عوام کی بھلائی کے لیئے موثرکردار ادا کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :