ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی شیراز وحید اشتعال انگیز تقریر میں معاونت کے الزام میں گرفتار

مذکورہ ایم پی اے متحدہ کے قائد کی منافرت پر مبنی تقریر کی سی ڈیز تقسیم کررہا تھا، ایس ایس پی ملیر راؤا نوار

جمعرات 25 اگست 2016 18:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم ) کے رکنِ سندھ اسمبلی شیراز وحید کو اشتعال انگیز تقریر میں معاونت کے الزام میں گرفتار کرلیاگیاہے ۔پولیس کے مطابق مذکورہ ایم پی اے متحدہ کے قائد کی منافرت پر مبنی تقریر کی سی ڈیز تقسیم کررہا تھا۔ ایس ایس پی ملیر راؤا نوار کے مطابق شیراز وحید کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شیراز وحید کراچی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 123 کورنگی سے منتخب ہوئے تھے، اس سے قبل وہ کورنگی سیکٹر کے ممبر تھے اور انہیں سپر ہائی وے پولیس نے حراست میں لیا ہے۔یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایم کیو ایم کے دفاتر پر چھاپے مار رہے ہیں اور مختلف کارکنان اور رہنماوں کو نفرت آمیز تقریر سننے معاونت کرنے اور اے آروائی نیوز کے دفتر پر حملہ اورہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کررہے ہیں۔یہ بھی یاد رہے کہ دو روز قبل ہی رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مار کراسے سیل کردیا تھا جبکہ ایم کیو ایم پاکستان لندن سیکرٹیریٹ سے علیحدگی کا اعلان بھی کرچکی ہے۔