چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے لاجسٹک کے شعبے میں بہت سے مواقع پیدا ہوں گے

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کا نیشنل لاجسٹک بورڈ کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 25 اگست 2016 17:56

اسلام آباد ۔ 25 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے نیشنل لاجسٹک سیل کو سی پیک منصوبے کی لاجسٹک کیلئے ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے لاجسٹک کے شعبے میں بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار نیشنل لاجسٹک بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ این ایل سی ملک کے لاجسٹک کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اسے اپنے اندر بر وقت تبدیلیاں لانی چاہئیں تاکہ وہ آنے والے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکے۔انہوں نے این ایل سی کو ہدایات جاری کیں کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ اور خصوصا گوادر ، ڈی آئی خان ، رتوڈیرو اور سکھر میں لاجسٹک کے شعبے میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے اسے فورا کام کر دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے ادارے کو اپنے فلیٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ خنجراب میں پاکستان کی طرف جدید اور بہتر ین ڈیزائن کی بلڈنگ بنائی جائے گی جو سیاحت کیلئے لوگوں کو اپنی طرف کھنیچ سکے۔ احسن اقبان نے کہا کہ روڈ ، ریلوے اور این ایل سی مل کر ایک ایسا مربوط نظام بنائے کہ جس میں ایک دوسے سے مقابلے کی بجائے ایک دوسرے کی مدد کی جائے ۔