ڈی جی اینٹی کرپشن کی ہدایت پر اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کے غیر قانونی انتقالات خارج ،اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے غیر قانونی انتقالات اورریونیو ریکارڈ میں جعلسازی پر پٹواری محمد حسین کو گرفتار کرلیا

جمعرات 25 اگست 2016 17:53

لاہور۔25 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اگست ۔2016ء ) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب بریگیڈیئر ریٹائرڈ مظفر علی رانجھا کی ہدایت پر اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کے غیر قانونی انتقالات کینسل کروانے کے بعدسرکل افسر اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے پٹواری محمد حسین کو دیپالپور ضلع اوکاڑہ سے گرفتار کرلیاہے ۔ ایف آئی اے نے بھی ملزم کے خلاف قیمتی سرکاری اراضی کے غیر قانونی انتقالات کا مقدمہ درج کررکھا ہے جبکہ اینٹی کرپشن اوکاڑہ میں ملزم محمد حسین پٹواری کے خلاف غیر قانونی انتقالات ،ریونیوریکارڈ میں جعلسازی اور ہیر پھیر ثابت ہوجانے پر بھی مقدمہ درج کیاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل دیپالپور کے پٹواری محمد حسین نے موضع رام پرشادتحصیل دیپالپور ضلع اوکاڑہ میں اربوں روپے مالیت کی متروکہ وقف اوقاف کی 984ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر مختلف لوگوں کے نام منتقل کردی جس پر ایف آئی اے کی جانب سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم محمد حسین نے اسی مقدمے سے متعلق سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی اورہیر پھیر کرکے معاملہ دبانے کی کوشش کی لیکن اینٹی کرپشن ٹیم نہ صرف ملزم کی جعلسازی پکڑ لی بلکہ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بریگیڈیئر ریٹائرڈ مظفر علی رانجھا کی ہدایت پر 984ایکٹر سرکاری اراضی کے تمام غیر قانونی انتقالات بھی کینسل کروا دئیے ، ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال شوکت علی مرزا نے ملزم کیخلاف جوڈیشل ایکشن کی منظوری دے دی جس کے بعد کل افسر اینٹی کرپشن اوکاڑہ عبدالغفار خان نے چھاپہ مار کر پٹواری محمد حسین کو باقاعدہ گرفتار کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :