صوبہ پنجاب کو چائلڈ لیبر فری بنا دیا جائے گا ،منصوبے کا آغاز سیالکوٹ سے کیا جارہا ہے، راجہ اشفاق سرور

جمعرات 25 اگست 2016 17:51

لاہور۔25 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر محنت و افراد ی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ پنجاب کو چائلڈ لیبر فری بنا دیا جائے گا اوراس قومی نوعیت کے منصوبے کا آغاز سیالکوٹ سے کیا جارہا ہے ‘ صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں اینٹوں کے بھٹوں سے جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے سدباب کی کامیابی کے بعد صوبہ بھر کے پٹرول پمپس، ورکشاپس، ریسٹورینٹ او رہوٹلز سے چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ان تینوں سیکٹرز میں کام کرنے والے صوبہ بھر کے تمام بچوں کو اگلے ایک ماہ میں مختلف تعلیمی اداروں اور فنی تربیت گاہوں میں داخل کروایا جائے گا،صوبہ پنجاب کے تمام بھٹہ خشت کے 70ہزار آوٴٹ آف سکول بچوں کو سرکاری ،نان فارمل سکولوں اور پنجاب ایجوکیشن فاوٴنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں تعلیم دی جارہی ہے اور ان بچوں کو ماہانہ ایک ہزار روپیہ وظیفہ، مفت تعلیم، کتابیں، سٹیشنری ، یونیفارم و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ان کے والدین کو داخلہ کے وقت 2ہزار روپے حوصلہ افزائی کے طور پر دیئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ قانون سازی بھی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ میں پٹرول پمپیس ، ورکشاپس ، ہوٹلز اور ریسٹورنٹ میں چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے شکار بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے حکومت پنجاب اور غیر سرکاری تنظیموں کے اشراک سے شروع کئے گئے مربوط پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری لیبر پنجاب سہیل شہزاد، ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل،صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میجر(ر) منصور احمد، سماجی تنظیم بنیاد کی نائب صدر شاہین عتیق الرحمن ، پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب مربوط پروگرام برائے انسداد چائلڈ و جبری مشقت پنجاب ڈاکٹر سعید وٹو، ڈائریکٹر لیبر گوجرانوالہ ضیغم عباس، ڈائریکٹر جبری مشقت لاہور ملک نذیر احمد، ای ڈی او فنانس سیالکوٹ شجاع قطب، ای ڈی او سی ڈی سیالکوٹ سہیل محمود، ڈی او لیبر سیالکوٹ امجد علی اور ڈسٹرکٹ پراجیکٹ مینجر آفتاب احمد باجوہ کے علاوہ مختلف سماجی ، محنت کش تنظیموں کے نمائندگان اور بنیاد میں زیر تعلیم بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ اس مربوط منصوبے کا آغاز صوبہ کے 10اضلاع سے کیا جارہا ہے اور اس کی ابتداء سیالکوٹ سے کی جارہی ہے جبکہ صوبہ کے باقی 26اضلاع میں ستمبر سے کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ شماریات پنجاب کے ذریعے مرحلہ وار پنجاب کے تمام اضلاع میں چائلڈ لیبر سروے کے ذریعے 7ہزار127بچے آٹو ورکشاپس ، پٹرول پمپس اور ہوٹلوں میں کام کرتے پائے گے جبکہ دیگر اضلاع میں یہ سروے 15ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ 5ارب روپے پر مشتمل مربوط منصوبے کے تحت 2لاکھ 57ہزار کم عمر بچوں کو سکولز ایجوکیشن جبکہ 14سے 18سال کے 1لاکھ18ہزار بچوں کو سکلز ڈویلپمنٹ ٹریننگ فراہم کی جائے گی اس امر کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ لیبر پنجاب نے حال ہی میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے ایک معائدہ کیا گیا ہے جبکہ بچوں کے خاندان کی معاشی کفالت کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔

انہوں نے کہاکہ1999ء میں سیالکوٹ نے اپنی فٹ بال انڈسٹری کو چائلڈلیبر فری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا اوریہی وجہ ہے کہ اس منصوبے کا آغاز بھی سیالکوٹ سے کیا جارہا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ قومی ترقی اور خوشحالی میں تعلیم بنیادی کردارادا کرتی ہے اور اس امر کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چائلڈ لیبر و جبری مشقت کے خاتمہ کیلئے زبانی دعووٴں کی بجائے عمل کرکے دکھایا ہے اور اب پنجاب کا ہر بچہ سکول جائے گا اور وزیر اعلیٰ کے پڑھو پنجاب اور بڑھو پنجاب کے خواب کو عملی تعبیر ملے گی اور یہ منصوبہ بھی کامیابی سے ہمکنار ہوگااور پوری دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوگااور اس کے صلے میں یہ بچے اور ان کے والدین ہمیں دعائیں بھی دیں گے ۔

سیکرٹری لیبر پنجاب سہیل شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے لیڈ رول ادا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مربوط پروگرام برائے انسداد چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے تحت کسی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرنے والے ہر کو سکولوں میں داخل کروایا جائے گا اور فنی مہارت کی فراہم کی جائے گی ۔ تقریب سے وائس چیئرمین بنیاد شاہین عتیق الرحمن ،پی جی مربوط پروگرام ڈاکٹر سعید وٹو اور صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میجر (ر) منصور احمد نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت تعلیمی وظائف ، ڈیتھ و میرج گرانٹ کے مد میں مالی امداد کے چیکس بھی تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :