رائے ونڈ کا اصل مسئلہ تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی کا ہے ‘ چوہدری محمد اکرم گجر

جمعرات 25 اگست 2016 17:48

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) چیئر مین رائے ونڈ بچاؤ تحریک چوہدری محمد اکرم گجر نے کہا ہے کہ 156دکاندار جس طرح اپنی دکانوں کے مالکانہ حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں کاش اتنی محنت شہر کی تعمیر وترقی کیلئے کرتے تو رائے ونڈ کے حالات آج مختلف ہوتے ،سیاسی قیادت کو ہمیشہ دکانوں کے مسئلہ بارے یاد دہانیاں کروانے والے سیاسی نمائندوں نے کبھی شہر میں پینے کے پانی اور سیوریج کے مسائل بارے کوئی بات نہیں کی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم گجر نے کہا کہ رائے ونڈ کا مسئلہ صرف 156دکانیں ہی نہیں بلکہ اصل مسئلہ تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی کا ہے جبکہ عوامی نمائندے اپنی اصل ذمہ دار ی فراموش کرکے صرف دکانوں کی خریدوفروخت میں مصروف ہیں آج شہر کے مسائل جوں کے توں ہیں ۔

(جاری ہے)

جاتی عمرا فارم پر کبھی شہر کی تعمیر وترقی اور پینے کے صاف پانی کیلئے بھی کسی نے احتجاج کیا ہے سب اپنی دکانیں بچانے اور دکانداری چمکانے کے چکر میں شہر کے مفادات کو داؤ پر لگا رہے ہیں ۔

اکرم گجر نے کہا کہ جب اصل دکاندار دکانیں فروخت کرکے جاچکے ہیں تو مالکانہ حقوق مانگتے ہوئے شرم نہیں آتی ۔ہم شہر کی اہم کمرشل جائیداد کی لوٹ مار نہیں ہونے دینگے ۔اکرم گجر نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کا عملہ گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کررہا ہے عرصہ دراز سے تعینات عملہ کیوجہ سے کرپشن کا بازار گرم ہے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں قابو میں نہیں ہیں ، ایڈ منسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی حاجی عباس انتظامی امور پر قابو پانے میں ناکام ہو چکے ہیں جسکی وجہ سے عملہ ہڈ حرام ہو چکا ہے سبزی منڈی مالکان کی چیرہ دستیاں عروج پر ہیں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے عناصر کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی۔

متعلقہ عنوان :