واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کی ممکنہ حد تک کم سے کم مدت میں تکمیل پہلی ترجیح ہے‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین

اہم قومی ذمہ داری کی بجا آوری کیلئے پُر عزم ہوں ، کوشش ہوگی کہ ادارے کی کارکردگی میں نمایاں تبدیلی نظر آئے ، ملازمین کی فلاح و بہبود ، ادارے کی بہتری اور ملک کی ترقی کیلئے ہم سب مل جل کر کام کریں گے‘اجلاس سے خطاب

جمعرات 25 اگست 2016 17:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے واپڈا ہاؤس میں متعدد اجلاس کی صدارت کی۔اِن اجلاس میں ممبرواٹر، ممبر پاور، ممبر فنانس ، سیکرٹری واپڈا ، منیجنگ ڈائریکٹر(ایڈمنسٹریشن ) واپڈا اور سینئر آفیسرز نے شرکت کی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے کہا کہ انہوں نے چیئرمین واپڈا کی کٹھن ذمہ داری قبول کی ہے اور وہ اس بات کی بھرپور کوشش کریں گے کہ ان کی تعیناتی سے ادارے کی کارکردگی میں نمایاں تبدیلی نظر آئے۔

اُنہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم قومی ذمہ داری کے حوالے سے اُن پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس قومی ذمہ داری کی بجاآ وری کیلئے پُرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے اور اس اعتماد کے حوالے سے وزیراعظم کی توقعات پر پورا اترنے اور پن بجلی کے منصوبوں کو ڈیڈلائن کے مطابق مکمل کرنے کے بارے میں وفاقی حکومت کے ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے مجھ پر اور میری ٹیم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ اُن کی پہلی ترجیح واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کو ممکنہ حد تک کم سے کم مدت میں مکمل کرنا ہے ۔ علاوہ ازیں پانی اور پن بجلی کے ایسے منصوبے جو تعمیراتی کام کیلئے دستیاب ہیں، اُن کے آغاز کی راہ میں درپیش رکاوٹیں دورکی جائیں گی اور ان منصوبوں پر تعمیراتی کام جلد ازجلد شروع کیا جائے گا۔

بعد ازاں چیئرمین نے ایک خصوصی تقریب میں واپڈا ملازمین کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود ، ادارے کی بہتری اور ملک کی ترقی کیلئے ہم سب مل جل کر کام کریں گے۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے گذشتہ روز چیئرمین واپڈا کی حیثیت سے واپڈا ہاؤس میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین واپڈا کے 22 ویں چیئرمین ہیں۔ بطورِ چیئرمین واپڈا اپنی تعیناتی سے قبل، وہ پاک فوج میں تقریباً 38 سال خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔پاک فوج میں اپنی سروس کے دوران اُنہوں نے مختلف اہم عہدوں پر فرائض سر انجام دیئے۔ وہ جکارتہ (انڈونیشیا) میں بطورڈیفنس اتاشی ، چیف انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اورگلگت بلتستان میں ڈویژن کمانڈر رہے۔

ڈویژن کمانڈر گلگت بلتستان کے طور پر اپنی تعیناتی کے دوران فرائض کی ادائیگی میں مہم جوئی کے جذبے کے باعث انہیں گلگت بلتستان حکومت کا بے پناہ تعاون حاصل رہا۔اس دوران انہوں نے گلگت بلتستان میں توانائی کے وسائل کو ترقی دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ گلگت بلتستان کے لوگوں میں ان کی مقبولیت ان کا منفرد اعزاز ہے۔انہوں نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں انسپکٹر جنرل (ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن)کے عہدے پربھی کام کیا ۔اُنہیں بطورکور کمانڈر گوجرانوالہ خدمات سرانجام دینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیوں میں پاکستان میں جمہوریت کی جانب کامیاب سفر اور مثبت اقتصادی تبدیلیوں کے موضوعات پر بھی خطاب کرتے رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :