چیف ٹریفک آفیسرنے بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا

غفلت پر 2پٹرولنگ آفیسر معطل جبکہ اچھی کارکردگی پر 3وارڈنز کیلئے نقد انعام کا اعلان

جمعرات 25 اگست 2016 17:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں ٹریفک کی روانی کا جائزہ لینے کیلئے سینئر ٹریفک افسران کے ہمراہ وزٹ کیا،دوران ڈیوٹی غفلت لاپرواہی کرنے والے 2پٹرولنگ آفیسر معطل جبکہ شہریوں کی مدد کرنے اور اچھی ڈیوٹی کرنے والے 3ٹریفک وارڈنز کیلئے 2/2ہزار روپے نقد انعام اور سرٹیفکیٹس دینے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ مون سون میں نشیبی علاقوں میں واسا انتظامیہ کے ساتھ اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کئے گئے ہیں جنہوں نے بہتر حکمت عملی کا مظاہر ہ کر تے ہوے ٹریفک کو رواں دواں رکھا،بارش کے دوران مخصوص روڈز پرزیادہ پانی جمع ہو نے کیوجہ سے فوری ڈائیورشن پلان ترتیب دیتے ہوئے ٹریفک کو متبادل راستوں پر گزارا جاتا رہا جس سے شہریوں کو کوئی ٹریفک پرابلم پیش نہیں آئی،بارش کے دوران وارڈنز چھتری، رین بوٹ اور رین کوٹ کے ساتھ بارش کے پانی میں کھڑے ہو کر ڈیوٹی کر تے رہے۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ کی ہدایت پر بارش کے دوران وارڈنز بارش کے باعث بند ہونے والی گاڑیوں کو چلانے اور لوگوں کی مدد کرتے رہے۔ انہوں نے مزنگ ،اچھرہ ،ماڈل ٹاؤن ،جوہر ٹاؤن ،مال روڈ سمیت مختلف علاقوں کا وزٹ کیاجبکہ سرکل افسران بھی خود موقعہ پر موجود رہتے ہوئے ٹریفک کو کلیئر کرواتے رہے۔ کینال روڈانڈر پاسز پرایمرجنسی سکواڈز لگا کر ٹریفک کو رواں دواں رکھا گیا۔ انہوں نے ڈویژنل افسران کو کہا کہ وہ بارش کے دوران اپنی اپنی ڈویژن میں نشیبی علاقوں کا وزٹ کرتے ہوئے واسا انتظامیہ سے ملکر ٹریفک کی بہتر روانی کیلئے مستقبل میں لائحہ عمل اپنائیں ۔

متعلقہ عنوان :