پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیر اعظم وفاق کیساتھ بلوچستان و دیگر صوبوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں ،سردار یعقوب خان ناصر

بلوچستان کا امن تباہ کرنے میں غیرملکی اسلام ،ملک دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے ،فوج کے جوان جس پامردی سے ناپسندیدہ عناصر کیخلاف سرگرم ہیں ہ قوم کیلئے باعث فخر ہے، ڈاکٹر جمال ناصر

جمعرات 25 اگست 2016 17:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی واٹر اینڈ پاور ومرکزی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)سنیٹر سردار یعقوب خان ناصرنے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیر اعظم میاں نواز شریف وفاق کے ساتھ ساتھ بلوچستان و دیگر صوبوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔

اقتصادی راہداری معاہدے اور سی پیک جیسے عظیم پروگرام بھی حکومت کی انہی پالیسیوں کا تسلسل ہیں ،ان منصوبوں کی کامیابی سے ملک میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔اورساری قوم تک اس کے ثمرات پہنچیں گے ۔ بلوچستان میں امن و امان کی مخدوش صورتحال باعث تشویش ہے تاہم حکومت ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے بھی تمام ممکنہ وسائل برائے کا رلا رہی ہے ، افواج پاکستان کا ملکی سلامتی و استحکام کیلئے کردار لائق ستائش ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصر سے ان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ایک ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر کے والد تحریک پاکستان اور مسلم لیگ کے دیرینہ کارکن نثار احمد نثار بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور بلوچستان بارے پیدا شدہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے میں غیرملکی اسلام اور ملک دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے ، تاہم جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج کے جوان جس پامردی سے ناپسندیدہ عناصر کیخلاف سرگرم ہیں اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں و ہ ساری قوم کیلئے باعث فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو پاکستان کی سلامتی و استحکام مقدم ہے ، یہ سب محب وطن ہیں ۔

اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ سنیٹر سردار یعقوب خان ناصرنے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں ہم توانائی سمیت تمام بحرانوں پر قابو پا لیں گے ، مخالفین کی دھرنا سیاست کا پول کھل چکا ہے ۔ ان کے حقیقی چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں، کیونکہ ان کا مقصد احتجاج اور دھرنوں کے ذریعے سستی شہرت حاصل کرنا اور ملکی معیشت کو نقصان پہچانا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے ، ہم جھوٹے دعوے نہیں کرتے ، ہمارے کام ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔