ڈی جی اینٹی کرپشن کی ہدایت پر اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کے غیر قانونی انتقالات خارج

ملزم نے موضع رام پرشاد تحصیل دیپالپور کی 984ایکڑ سرکاری اراضی غیر قانونی طور پر مختلف لوگوں کو منتقل کردی تھی اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے غیر قانونی انتقالات اورریونیو ریکارڈ میں جعلسازی پر پٹواری محمد حسین کو گرفتار کرلیا

جمعرات 25 اگست 2016 17:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب بریگیڈئر ریٹائرڈ مظفر علی رانجھا کی ہدایت پر اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کے غیر قانونی انتقالات کینسل کروانے کے بعدسرکل افسر اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے پٹواری محمد حسین کو دیپالپور ضلع اوکاڑہ سے گرفتار کرلیاہے ، ایف آئی اے نے بھی ملزم کے خلاف قیمتی سرکاری اراضی کے غیر قانونی انتقالات کا مقدمہ درج کررکھا ہے جبکہ اینٹی کرپشن اوکاڑہ میں ملزم محمد حسین پٹواری کے خلاف غیر قانونی انتقالات ،ریونیوریکارڈ میں جعلسازی اور ہیر پھیر ثابت ہوجانے پر بھی مقدمہ درج کیاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل دیپالپور کے پٹواری محمد حسین نے موضع رام پرشادتحصیل دیپالپور ضلع اوکاڑہ میں اربوں روپے مالیت کی متروکہ وقف اوقاف کی 984ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر مختلف لوگوں کے نام منتقل کردی جس پر ایف آئی اے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم محمد حسین نے اسی مقدمے سے متعلق سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی اورہیر پھیر کرکے معاملہ دبانے کی کوشش کی لیکن اینٹی کرپشن ٹیم نہ صرف ملزم کی جعلسازی پکڑ لی بلکہ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بریگیڈئر ریٹائرڈ مظفر علی رانجھا کی ہدایت پر 984ایکٹر سرکاری اراضی کے تمام غیر قانونی انتقالات بھی کینسل کروا دئیے ۔

آج ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال شوکت علی مرزا نے ملزم کے خلاف جوڈیشل ایکشن کی منظوری دے دی جس کے بعد کل افسر اینٹی کرپشن اوکاڑہ عبدالغفار خان نے چھاپہ مار کر پٹواری محمد حسین کو باقاعدہ گرفتار کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :