چاول کی پیداوار ،برآمدات کو مزید بڑھانے کیلئے اعلیٰ معیار کے چاول کے بیج متعارف کرانے کی ضرورت ہے ،ممنون حسین

ٹریڈ ایسوسی ایشن کاروبارکو فروغ دینے ،برآمدات بڑھانے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، کاروباری اور صنعتی شعبوں کو سہولیات دینے کیلئے حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں جا رہی ہیں، صدر مملکت کی رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات

جمعرات 25 اگست 2016 17:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چاول کی پیداوار اور برآمدات کو مزید بڑھانے کے لئے اعلیٰ معیار کے چاول کے بیج متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی مانگ میں مزید اضافہ ہو۔صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی آف ایشن پاکستان کے چیئرمین محمدشفیق کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان چاول کے شعبے کی برآمد ات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے جس سے نہ صرف چاول برآمد کنندگان کو فائدہ ہو گا بلکہ کسان بھی اسے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ صدرمملکت نے کہا کہ ٹریڈ ایسوسی ایشن کاروبارکو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ کاروباری اور صنعتی شعبوں کو سہولیات دینے کے لیے حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں جا رہی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ چاول کی صنعت پر بین الاقوامی منڈیوں میں قیمتیں کم ہو گئی ہیں جس سے اس سے وابستہ لوگوں کو نقصان ہوا ہیلیکن اس شعبے سے وابسطہ لوگوں نے عزم وہمت کا مظاہرہ کیا جو کہ قابل تحسین ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ چاول کا شعبہ زر مبادلہ کے اعتبار سے پاکستان کا دوسرا بڑا شعبہ ہے لہذا اس کی حوصلہ افزائی اور اس میں مزید بہتری کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

صدر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس شعبے میں بہتری اور چاول کی برآمدات میں اضافے کے لیے اس کے راستے میں تمام رکاوٹوں کا خاتمہ کر نے میں تعاون کریں گے۔ صدرمملکت نے زرعی شعبے سے وابستہ تحقیقاتی اداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چاول کی زیادہ اور اعلٰی پیداوار کے لیے بیج متعارف کرا ئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ فصل حاصل ہواورملک کی معیشت مضبوط ہو۔وفد نے صدر مملکت کو چاول کی برآمدات میں اضافہ اور عمدہ فصل کے لیے اپنی تجاویز دیں اور باسمتی چاول کو پیٹینٹ کرنے میں مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے ملک کی برآمدات کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :