کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری

جمعرات 25 اگست 2016 16:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) کراچی میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سولجر بازار سے 8 ملزمان پکڑے گئے۔ فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ فیڈرل بی ایریا میں 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سولجر بازار پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق گرفتارشدگان میں اسٹریٹ کرمنل اور منشیات فروش بھی شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی، پولیس کے مطابق گرفتاریاں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی گئیں۔

گارڈن کے علاقے عثمان آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ لکی اسٹار کے قریب ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب فیڈرل بی ایریا کے علاقے میں شہریوں نے 2 اسٹریٹ کرمنلز کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

متعلقہ عنوان :