سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل انعام میمن کی نیب انکوائری کے خلاف درخواست عدم پیروی پر مسترد کردی

جمعرات 25 اگست 2016 16:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی نیب انکوائری کے خلاف درخواست عدم پیروی پر مسترد کردی ہے۔ عدالت نے سیکرٹری اطلاعات سمیت دو افسران کی ضمانت خارج کر کے جیل بھیجنے کا حکم دے دیاہے۔جمعرات کوسندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عرفان سعادات خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں کروڑوں روپے کرپشن پر نیب انکوائری کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے شرجیل میمن کی نیب انکوائری کے خلاف درخواست عدم پیروی پر مسترد کردی،عدالت نے سیکرٹری اطلاعات سندھ ذوالفقار شلوانی اور ڈائریکٹر انفارمیشن فواد عالم کی ضمانت خارج کردی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ضمانت حاصل کرنے کے بعد دونوں افسران غیر حاضر ہیں ، نیب کے مطابق شرجیل میمن اور محکمہ اطلاعات کے دیگر افسران نے اشتہارات کی مد میں کروڑوں روپے کا غبن کیا، جن نجی اداروں اشتہارات دیئے وہ رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے لئیے رضا مند ہوگئے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جن افسران نے کرپشن کی ان کا احتساب ہونا چاہئے۔