عوام اور سیکورٹی اداروں نے خوف توڑ دیا،22اگست کو پیش آئے واقعے کے بعد لگتا تھا اگلے دن بہت کچھ ہوگا،وزیراعلی سندھ

جمعرات 25 اگست 2016 16:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اگست ۔2016ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کراچی کے عوام اور سیکورٹی اداروں نے خوف توڑ دیا،22 اگست کو پیش آئے واقعے کے بعد لگتا تھا کہ اگلے دن بہت کچھ ہوگا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کا میئر جیل میں ہو یہ انہیں پسند نہیں ۔8سال میں جو کچھ ہوا اس کا علم ہے، گڈ گورننس کی مثال قائم کرنا چاہتے ہیں۔

ایم کیو ایم کے دفاتر سیکورٹی اور پالیسی کے تحت بند کئے گئے معاملات جلدحل کرلئے جائیں گے، کراچی کو خصوصی پیکیج کے طور پر 10 ارب روپے دیئے گئے ہیں اورکراچی کیلئے 19 اسکیمیں رکھی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کومقامی ہوٹل میں ایک اخبارکی جانب سے دئیے گئے ” بریک فاسٹ “ کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں سکندر لودھی ،سید سر مد علی ،تاجر برادری ، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام میں لوگوں سے بھی ملاقات ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے29 جولائی کو بطور وزیر اعلیٰ سندھ کا حلف اٹھایا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہر آدمی اپنے حصے کا کا م کرے اور وقت پر کام کرنے کا آغاز کیا جائے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں مسائل بہت زیادہ ہیں مگراسٹاف نے میرا بہت ساتھ دیا،چیزیں تسلسل کے ساتھ چل پڑی ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن و امان ایک بڑا مسئلہ ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سالوں میں جو کچھ ہوا اس کا علم ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چند دنوں میں امن و امان کی صورت حال بگڑ ی ہے مگر ہماری فورسز کی بر وقت کارروائی اور موثر اقدامات کی بدولت امن و امان کی صورت حال بہت حد تک بہتر ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پولیس کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور کارکردگی کی بہتری کیلئے جو آلات چاہیں وہ پولیس کو دے دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیا ہاؤسزکی سیکورٹی کیلئے خاص اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 22 اگست کے واقعے کے بعد ایسا لگا کہ اگلے دن بہت کچھ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام اور سیکورٹی اداروں نے خوف کو توڑ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ثقافتی اور ادبی چیزوں کو بھی اجاگر کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بچوں کو ایسے مواقعے دیے جارہے ہیں کہ وہ برائی سے دور رہیں گے۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ مسائل حل کرنے کیلئے تمام لوگوں کا ساتھ چاہیے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ 2018 کے انتخابات کیلئے بھی کام کررہے ہوں اور میں گڈ گورننس کی مثال قائم کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہر 15 دن میں ایک اجلاس کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ 22 اگست کے واقعے کے بعد بھی ہم نے پور ے سندھ اور خاص طور پر کراچی میں بھی الیکشن کروائے ۔انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت مئیر کے جو بھی اختیارات ہوں گے انہیں دیں گے۔

متعلقہ عنوان :